آبنائے ہرمز کشیدگی، پاکستان کاایل این جی کیلئے ہنگامی ٹینڈر
قطر سے آنیوالی ایک ایل این جی کھیپ رواں ہفتے کے آغاز میں منسوخ ہو ئی
اسلام آباد (دنیا نیوز)آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث علاقائی توانائی کی سپلائی متاثر ہونے اور ایک طویل المدتی ایل این جی (مائع قدرتی گیس)کھیپ منسوخ ہونے کے بعد پاکستان نے فوری طور پر متبادل ایل این جی کارگو کے حصول کیلئے ہنگامی اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔بلومبرگ کے مطابق سرکاری کمپنی پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے 15 اور 16 جولائی کی ترسیل کیلئے متبادل ایل این جی کارگو کی خریداری کا ہنگامی ٹینڈر جاری کر دیا ہے جبکہ تجارتی پیشکشیں جمع کرانے کی آخری تاریخ آج جمعہ 10جولائی مقرر کی گئی ہے ۔رپورٹ کے مطابق قطر کے ساتھ طویل المدتی معاہدے کے تحت آنے والی ایک ایل این جی کھیپ رواں ہفتے کے آغاز میں منسوخ ہو گئی، جس کے بعد حکومت متبادل سپلائی یقینی بنانے کے لیے ٹینڈر کے عمل میں تیزی لائی۔بلومبرگ نے مزید بتایا کہ ایران میں اہداف پر امریکی حملوں اور اس کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت شدید متاثر ہوئی ہے ، جس سے خطے میں توانائی کی سپلائی کے تسلسل پر خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔