این بی پی اور ون لنک کے اشتراک سے بینک ایکٹویشن سیشن

این بی پی اور ون لنک کے اشتراک سے بینک ایکٹویشن سیشن

ڈیجیٹل ادائیگیوں کا فروغ مالی شمولیت اور اقتصادی ترقی کی بنیاد ، عدنان ناصر

کراچی(بزنس ڈیسک)نیشنل بینک آف پاکستاننے ون لنک کے اشتراک سے اپنے ہیڈ آفس کراچی میں بینک ایکٹیویشن سیشن کا انعقاد کیا جس میں بینک کی سینئر قیادت اور کراچی ریجن کی ٹیموں نے شرکت کی۔ سیشن کا مقصد ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے قومی ایجنڈے سے متعلق آگاہی کو فروغ دینا تھا۔ سیشن میں این بی پی ڈیبٹ کارڈز سے متعلق جامع معلومات فراہم کی گئیں، جن میں ان کی تمام سہولتوں، فوائد اور استعمال کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔ اس بات پر خاص طور پر روشنی ڈالی گئی کہ کارڈ کے ذریعے کی گئی ادائیگیاں کس طرح صارفین کے لیے سہولت میں اضافہ اور وسیع پیمانے پر ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ میں کردار ادا کرسکتی ہیں۔نیشنل بینک آف پاکستان کے گروپ چیف ڈیجیٹل بینکنگ عدنان ناصر نے کہا کہ این بی پی اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کا فروغ مالی شمولیت اور قومی اقتصادی ترقی کی بنیاد ہے۔

بینک ایکٹیویشن سیشنز کے ذریعے ہماری ٹیمیں نہ صرف جدید ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے موثر انداز میں ہم آہنگ ہوں گی بلکہ اس وژن کو صارفین کے روزمرہ بینکاری تجربے کا عملی حصہ بھی بناسکیں گی۔ون لنک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نجیب اگروالا نے کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو مزید مستحکم بنانے کے لیے این بی پی کے ساتھ اشتراک اہمیت کا حامل ہے ۔ ون لنک اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایسے پائیدار انفرااسٹرکچر اور ادارہ جاتی استعداد کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے جو ملک میں نقدی سے پاک معیشت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے ۔ سیشن میں دونوں اداروں کے اعلیٰ عہدیداران بشمول گروپ چیف آپریشنز فیصل احمد، قائم مقام گروپ چیف ریٹیل بینکنگ ظہیر خورشید، قائم مقام گروپ چیف انفارمیشن ٹیکنالوجی اوصاف احمد سمیت این بی پی کے ہیڈ آفس، ریجنل دفاتر اور کراچی ریجن کی ٹیموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، اور این بی پی ملک بھر کے صارفین کو محفوظ وآسان ادائیگی کے حل کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں