موسمیاتی تبدیلی حقیقت، مون سون میں ادارے مکمل تیاری رکھیں : مریم نواز
مرہم رکھنا کمال نہیں ،زخم لگنے نہ دینا اصل حکمرانی ،سیلاب پرفائر فائٹنگ عقلمندی نہیں،اصل کام پہلے سے تیاری:وزیراعلیٰ وفاقی وزیرمصدق ملک سے ملاقات ، موسمیاتی پیشنگوئی کیلئے ارلی وارننگ سسٹم پر اتفاق،فاطمہ جناح رول ماڈل :پیغام
لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شدید گرمی کی لہر، مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے صوبے بھر میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اور بروقت اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اورتمام متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آفات کے بعد ردعمل دینے کے بجائے پہلے سے تیاری ہی اچھی حکمرانی کا تقاضا ہے ۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی، ہیٹ ویو اور سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ انہیں بتایا گیا کہ جلال پور پیر والا، علی پور، چندربن، نوراجا بھٹہ، راوی اور دیگر حساس علاقوں میں حفاظتی بندوں کی تعمیر، آبپاشی کے انفراسٹرکچر کی بحالی اور فلڈ پروٹیکشن منصوبوں پر تیزی سے کام مکمل کیا جا رہا ہے جبکہ پنجاب بھر میں فلڈ پلان نافذ اور ارلی وارننگ سسٹم فعال کر دیا گیا ہے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی ڈی ایم اے ، ریسکیو 1122، ضلعی کنٹرول رومز اور دیگر ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ سیلاب اور ہیٹ ویو سے نمٹنے کیلئے جدید کشتیاں، ڈرونز، جیٹ ، لائف جیکٹس، خیمے ، طبی سامان اور دیگر امدادی وسائل اضلاع میں پہنچا دئیے گئے ہیں۔ لائیو سٹاک کی مکمل میپنگ، ویکسی نیشن، چارے اور صاف پانی کی فراہمی کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔مریم نواز کا کہناتھاکہ موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے ،تمام متعلقہ ادارے مون سون کیلئے تیاری مکمل رکھیں ، مرہم رکھنا کمال نہیں، زخم لگنے ہی نہ دینا اصل حکمرانی ہے ۔ سیلاب آنے کے بعد فائر فائٹنگ کرنا کوئی عقلمندی نہیں،اصل کام پہلے سے تیاری ہے ،ہم مسلسل سیکھ رہے ہیں اور ضرورت کے تحت نئے بند بنا رہے ہیں۔
مریم نواز نے سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کو ہدایت کی کہ اضلاع میں اوورسائٹ اور نگرانی میں کوئی کمی نہ آئے ،حکومت کی طرف سے ایڈوائزری مسلسل جاری ہے ، افسر ہر صورتحال کیلئے تیار رہیں،اللہ تعالیٰ ہمارے ملک اور صوبے کو ہر قسم کی ناگہانی آفت سے محفوظ رکھے ۔ تمام متعلقہ محکمے عوام کو تحفظ کیلئے اب مسلسل ایڈوائزری جاری کریں،شدید گرمی کی وجہ سے لوگ، بزرگ اور بچے نہروں اور دریاؤں کا رخ کرتے ہیں۔خواتین، بچوں اور بزرگوں کو پانی کے ذخائر اور واٹر باڈیز کے پاس جانے سے روکا جائے ۔وزیراعلیٰ مریم نواز سے گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے ملاقات کی ۔ملاقات میں پنجاب کلائمیٹ اینڈ ڈیزاسٹر ریزیلینس پلان 2026، ارلی وارننگ سسٹم، موسمیاتی معلومات کے تبادلے اور وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان مو ثر رابطہ کاری پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے مون سون اور سیلاب سے نمٹنے کیلئے فوری فرضی مشقیں شروع کرنے اور تمام اداروں کو ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت بھی جاری کی۔وزیراعلیٰ نے خبردار کیا کہ رواں برس بارشیں معمول سے کم جبکہ ہیٹ ویو کا دورانیہ زیادہ طویل ہوسکتا ہے اور جنوبی ، وسطی پنجاب میں درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بڑھنے کا خدشہ ہے ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ شدید گرمی کے دوران بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور مویشیوں کی خصوصی حفاظت یقینی بنائیں۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی برسی پر ان کی جمہوری اور ملی خدمات کیلئے سلام عقیدت پیش کیا۔انہوں نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح ہر بہن اور ہر بیٹی کے لئے رول ماڈل کا درجہ رکھتی ہیں، نامصائب حالات میں مادر ملت کی ثابت قدمی ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔ مریم نواز نے کہا کہ پاکستانی قوم مادر ملت کی قومی و سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے ،محترمہ فاطمہ جناح نے ثابت کیا کہ عورت ملک کے لئے تعمیری کردار ادا کر نے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔