’’ ایگریمنٹ آن ٹریڈ‘‘ پر پاک امریکا مذاکرات شروع
واشنگٹن میں پاکستانی ، امریکی حکام آج تجارت، محصولات پر گفتگو کرینگے
اسلام آباد (الماس حیدرنقوی)پاکستان اور امریکا کے درمیان مجوزہ ’’ ایگریمنٹ آن ریسی پروکل ٹریڈ‘‘ کے حوالے سے دو روزہ اہم مذاکرات امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں شروع ہو گئے جو آج بھی جاری رہیں گے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری تجارت جواد پال کر رہے ہیں۔ وفد میں ایڈیشنل سیکرٹری طاہر اندرابی، سیکرٹری او پی ایچ آر ڈی ندیم چودھری اور جوائنٹ سیکرٹری ٹیرف پالیسی اشفاق خان بھی شامل ہیں ۔ ان مذاکرات کا مقصد پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعاون کو مزید فروغ دینے اور مجوزہ باہمی تجارتی معاہدے کے مختلف پہلوؤں پر پیش رفت حاصل کرنا ہے ۔
اس سلسلے میں دونوں ممالک کے حکام تجارت، محصولات سے متعلق امور اور دیگر باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے اور دونوں ممالک کی ٹیمیں مختلف تکنیکی اور پالیسی معاملات کا بھی جائزہ لیں گی تاکہ دوطرفہ تجارت میں حائل رکاوٹوں کو کم کرنے اور کاروباری روابط کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے ۔ متعلقہ وزارتوں کے حکام کی آن لائن شرکت کو اس عمل میں بین الوزارتی ہم آہنگی کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واشنگٹن میں ہونے والے یہ مذاکرات آئندہ تعاون کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستانی وفد دو روزہ مذاکرات کے دوران امریکی حکام کے ساتھ مختلف اجلاسوں میں شرکت کرے گا جبکہ متعلقہ سرکاری اداروں کے نمائندے ورچوئل ذرائع سے تکنیکی معاونت اور مشاورت فراہم کریں گے ۔