نائٹ پارٹیز،کلب کلچر سے ایڈزپھیل رہا ، وزیر صحت کا انکشاف

 نائٹ پارٹیز،کلب کلچر سے ایڈزپھیل رہا ، وزیر صحت کا انکشاف

پارٹیزمیں آئس سمیت دیگرنشہ آورچیز وں کا استعمال ، والدین بچوں پر نظر رکھیں

 اسلام آباد(فوزیہ علی) وفاقی وزیر صحت نے ایڈز کے پھیلائو کے حوالے سے نیا انکشاف کردیا ، پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر صحت نے کہا کہ ہماری سوسائٹی کے نوجوانوں میں نائٹ پارٹیز میں منشیات کے استعمال کی وبا بڑھ رہی ہے ، ایچ آئی وی کے بہت کیسز کا نائٹ پارٹیز کے ساتھ تعلق سامنے آیا ،سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ کئی بڑے شہروں میں نہ سرنجوں کے استعمال سے اور نہ سیکس ورکرز کی وجہ سے ایچ آئی وی کے کیسز سامنے آئے بلکہ نائٹ پارٹیز میں منشیات کے استعمال کی بے راہ روی کے باعث ایچ آئی وی کیسز سامنے آئے ، نائٹ پارٹیز،کلب کلچر سے ایڈزپھیل رہا ہے ، والدین کو اپنے بچوں پر نظر رکھنی چا ہئے کہ وہ کہیں غلط سوسائٹی میں تو نہیں بیٹھ رہے ۔

وزیراعظم نے ایچ آئی وی کے حوالے رپورٹ تیار کروائی ہے ،اسلام آباد ریگولیٹری ہیلتھ اتھارٹی نے صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے تاہم اتھارٹی نائٹ پارٹیز کے حوالے سے کچھ نہیں کرسکتی ، ایسی سرگرمیوں کو کنٹرول کرنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے ۔ قبل ازیں وزیر صحت نے سندھ میں ایچ آئی وی ایڈز کے کیسز پر کمیٹی کو بریفنگ دی ، انہوں نے کہا 2020 میں ملک بھر میں 37 ہزار 944 ٹیسٹ ہوئے جن میں 6 ہزار 910 ایچ آئی وی پازیٹو آئے ۔ 2025 میں 3 لاکھ 74 ہزار 126 ٹیسٹ کئے گئے جن میں 14 ہزار 182 ایچ آئی وی پازیٹو آئے ۔ اس وقت ملک بھر میں ایچ آئی وی کے 80 ہزار سے زائد رجسٹرڈ کیسز ہیں۔ سندھ میں25 ہزار 107 کیسز ہیں جن میں صرف کراچی میں 10 ہزار 499 کیسز رجسٹرڈ ہیں۔کمیٹی اجلاس میں ادویات کی قیمتوں کے حوالے سے بھی بحث ہوئی ، وزیر صحت نے کہا کمپنیاں ضروری ادویات کی قیمتوں میں ایک پیسہ بھی خود نہیں بڑھا سکتیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں