پاکستان کیساتھ وفاداری کی شق ختم کرنیکا مطالبہ قبول نہیں،امیر مقام
مظفرآباد (اے پی پی)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے کہاہے پاکستان ہمیشہ زندہ باد محض ایک نعرہ نہیں بلکہ قومی اتحاد، امن، استحکام اور ترقی کے عزم کی علامت ہے ۔
کوہالہ سے مظفرآباد تک نکالی گئی ریلی میں عوام کے سمندر نے ثابت کر دیا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام پاکستان سے اپنی لازوال محبت اور وفاداری پر ہمیشہ ثابت قدم رہیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوہالہ سے راڑہ مظفرآباد تک پاکستان ہمیشہ زندہ باد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا، امیر مقام نے کہا کشمیریوں نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ اپنی محبت، وفاداری اور یکجہتی کا عملی ثبوت دیا ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے ، سپاہی مقبول حسین نے سخت تشدد کے باوجود پاکستان کے خلاف نعرہ لگانے سے انکار کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا آزاد کشمیر کی ترقی اور عوامی فلاح حکومت کی اولین تر جیح ہے ، آزاد کشمیر کو آٹے اور بجلی پر دی جانے والی سبسڈی بدستور جاری رہے گی۔ حکومت نے مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھے تاہم کالعدم ایکشن کمیٹی کے بعض ذمہ داران نے مذاکرات کے دوران پاکستان کے ساتھ وفاداری سے متعلق شق ختم کرنے کا مطالبہ کیا جسے قبول نہیں کیا جا سکتا۔ جلسہ میں صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر، کیپٹن (ر)صفدر، مرتضیٰ جاوید عباسی، محسن شاہنواز رانجھا ،سینیٹر سعود چودھری ،احمد نواز ، عاصم شیر ، نورین عارف ، ثاقب مجید راجہ سمیت مقامی قیادت نے شرکت کی ۔