پاکستان روس جلد پروازوں کی بحالی پر غور کر رہے ، اویس لغاری
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس میں تجارت توانائی تعلیم و سرمایہ کاری میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو تجارت توانائی سرمایہ کاری پر مشتمل کثیر الجہتی شراکت داری میں تبدیل ہونا چاہیے ، دونوں ممالک جلد پروازوں کی بحالی کے امکانات پر غور کر رہے ہیں ۔پاکستان اور روس کے درمیان بارٹر ٹریڈ کا فریم ورک تجارتی تعاون میں اہم پیشرفت ہے ، تجارتی راہداریوں لاجسٹکس اور مضبوط سپلائی چینز سے علاقائی تجارت کو نئی جہت مل سکتی ہے ، پاکستان اور روس کے مابین تعلقات کا بنیادی ستون توانائی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یونیورسٹی آف ورلڈ سولائزیشنز ماسکو اور انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز اسلام آباد کے زیر اہتمام پاکستان-روس تجارت، تعلیم اور توانائی میں تعاون کے فروغ کے عنوان سے منعقدہ ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا مضبوط اقتصادی تعاون اور بہتر ٹرانسپورٹ روابط کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت آئندہ برسوں بلین ڈالر سے تجاوز کر سکتی ہے ۔ وفاقی وزیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور روس کے درمیان 2030 تک اقتصادی تعاون کا پروگرام دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور کاروباری مواقع میں اضافے کا ذریعہ بنے گا۔