سی پیک علاقائی روابط، معاشی ترقی کا اہم محرک : قائم مقام صدر
پاک چین تعاون دفاع، تجارت ، تعلیم دیگر شعبوں تک پھیل چکا ، یوسف رضا لازوال دوستی ترقی کے سفر کو مزید مضبوط بنائے گی ، گورنر کنڈی ، سیمینار سے خطاب
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) علاقائی روابط اور معاشی ترقی کا اہم محرک ہے ، جبکہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارت، ٹیکنالوجی، صاف توانائی اور پارلیمانی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ پاکستان چائنا اکنامک اینڈ کلچرل کونسل کے زیر اہتمام چین کی کمیونسٹ پارٹی کے قیام کی 105ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک ،چین تعلقات باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور تزویراتی تعاون پر مبنی آہنی بھائی چارے کی مثال ہیں اور دونوں ممالک کا تعاون دفاع، تجارت، بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت اور ثقافتی تبادلوں سمیت متعدد شعبوں تک پھیل چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی قیادت میں چین نے مضبوط اداروں، مؤثر طرز حکمرانی اور طویل المدتی منصوبہ بندی کے ذریعے غیرمعمولی معاشی ترقی حاصل کی اور کروڑوں افراد کو غربت سے نکالا ،سیمینار سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ اور پاکستان۔چائنا اکنامک اینڈ کلچرل کونسل کے صدر نے بھی خطاب کیا ،چینی سفیر نے پاکستان کی معاشی بحالی، سی پیک کے تحت تعاون اور علاقائی سفارتی کوششوں خصوصاً ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے ہر موسم کی تزویراتی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ، گورنر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی مستقبل میں بھی باہمی اعتماد، تعاون اور مشترکہ ترقی کے سفر کو مزید مضبوط بناتی رہے گی۔