جماعت اسلامی کے پٹرول قیمتوں اور مہنگائی کیخلاف مختلف شہروں میں مظاہرے

جماعت  اسلامی  کے  پٹرول  قیمتوں  اور  مہنگائی  کیخلاف  مختلف  شہروں  میں  مظاہرے

عوامی طاقت سے حکومت کو پالیسیوں پر نظرثانی پر مجبورکرینگے :حافظ نعیم، مجلس شوریٰ کا اجلاس آج طلب پٹرول کی قیمت 225روپے فی لٹر مقررکی جائے ، مہنگائی کم نہ ہوئی توہماری تحریک جاری رہے گی :مقررین

لاہور،اسلام آباد (سیاسی نمائندہ ،اپنے رپورٹرسے ،مانیٹرنگ ڈیسک ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر لاہور،راولپنڈی ، اسلام آباد،گجرات ، منڈی بہاؤالدین ، تلہ گنگ خوشاب، چکوال ، جہلم ، اٹک ، میانوالی ، سر گودھااوردیگرشہروں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی نہ کر نے اورمہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے جس کی قیادت مرکزی ، صوبائی اور ضلعی رہنماؤں نے کی ،لاہورمیں اچھرہ فیروزپورروڈپربڑے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے حکمرانوں کو خبردار کیا کہ پٹرول 225روپے لٹر اور مہنگائی میں کمی نہ ہوئی تو ملک گیر دھرنے ہونگے اور سڑکیں جام کردینگے ۔ حکومت آئی پی پی مالکان سے معاہدے ختم اور بجلی سستی کرے ، عوام حکمرانوں کی عیاشیوں کا مزید بوجھ برداشت نہیں کرسکتے ، مطالبات پورے نہ ہوئے تو پوری قوم سڑکوں پر ہو گی۔ انہوں نے کارکنوں اور نوجوانوں کو آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی طاقت کے ذریعے حکومت کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی پر مجبور کیا جائے گا۔دوسری طرف انہوں نے جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کا ہنگامی اجلاس آج منصورہ میں طلب کرلیا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ ادھراسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے باہر جماعت اسلامی یوتھ ونگ نے احتجاجی مظاہرہ کیا،جماعت اسلامی یوتھ ونگ اسلام آباد کے سیکرٹری ڈاکٹر مطاہر بشیر،ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر احسن حامد ، صدر زون امان خان ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے پٹرول کی قیمت 225روپے فی لٹرکرنے کامطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اگر مہنگائی کم نہ کی توہماری تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک عوام کو جائز حق نہیں مل جاتا،جماعت اسلامی پنجاب کے سیکرٹری جنرل اقبال خان نے اٹک میں احتجاجی مظاہرے کی قیادت کی اور کہا کہ ایران ، امریکہ جنگ کے خاتمے کے بعد دنیا بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے لیکن پاکستان میں حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کو کمائی کا ذریعہ بنا رکھا ہے ، ہمارا مطالبہ ہے کہ پٹرول قیمت 225 روپے فی لٹر پر لائی جائے ، پٹرولیم لیوی فوری ختم یا کم کی جائے جبکہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں