بی آئی ایس پی کی رقوم میں کٹوتیاں،13ملزم گرفتار

بی آئی ایس پی کی رقوم میں کٹوتیاں،13ملزم گرفتار

ایف آئی اے کے لاہور، ننکانہ میں چھاپے ، شناختی کارڈز، موبائل وغیرہ برآمد ملزم فی کس 1500سے 2500روپے غیر قانونی کمیشن وصول کررہے تھے

لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ) ایف آئی اے لاہور زون نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقوم میں غیر قانونی کٹوتیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 13 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے لاہور اور ننکانہ صاحب کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔ گرفتار ملزم مستحق خواتین کو دی جانے والی مالی امداد میں سے فی کس 1500 سے 2500 روپے غیر قانونی کمیشن کے طور پر وصول کر رہے تھے ۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزموں کو غیر قانونی کمیشن وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں مستحق خواتین امدادی رقم کے حصول کے لیے مراکز پر موجود تھیں، جنہیں غیر قانونی کٹوتیوں کے ذریعے مالی نقصان پہنچایا جا رہا تھا۔ایف آئی اے نے ملزمان کے قبضے سے متعدد شناختی کارڈز، رجسٹرز، موبائل فونز، بینک کنیکٹ ڈیوائسز اور دیگر متعلقہ مواد بھی برآمد کر لیا۔گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ ان سے مزید تفتیش جاری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں