حساس معلومات کی خرید و فروخت میں ملوث 3ملزم گرفتار

 حساس معلومات کی خرید و فروخت میں ملوث 3ملزم گرفتار

ملزم منظم نیٹ ورک کے ذریعے شہریوں کے کال ڈیٹا ریکارڈ کوفروخت کرتے تھے

لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )این سی سی آئی اے لاہورنے کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کے کال ڈیٹا ریکارڈ ، سموں کی ملکیت، فیملی رجسٹریشن، لوکیشن ڈیٹا اور دیگر حساس ٹیلی کمیونیکیشن معلومات کی مبینہ غیرقانونی خرید و فروخت میں ملوث ایک منظم نیٹ ورک کے تین ملزموں ساغر، اشفاق اور ملک صدام کو گرفتار کر لیا۔ ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب محمد علی وسیم کی خصوصی ہدایات پر این سی سی آئی اے لاہور نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے )لاہور کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے کارروائی کی۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ ملزم ایک منظم نیٹ ورک کے ذریعے شہریوں کے کال ڈیٹا ریکارڈ ، سم رجسٹریشن اور ملکیت کی تفصیلات، فیملی رجسٹریشن ریکارڈ، لوکیشن ڈیٹا اور دیگر خفیہ ٹیلی کمیونیکیشن معلومات غیرقانونی طور پر حاصل کرکے مختلف افراد کو فروخت کرتے تھے ۔ ملزموں کے قبضے سے 14 موبائل فون، لیپ ٹاپ، ٹیبلیٹ، 38 سمیں، 10 انٹرنیٹ ڈیوائسز، 9 بائیومیٹرک ویری فکیشن ڈیوائسز، 7 فنگر پرنٹ سکینرز، 3 بلوٹوتھ فنگر پرنٹ سکینرز، 3 کارڈ ریڈرز، 11 میموری کارڈز، 9 یو ایس بیز، 8 ہارڈ ڈسکس و ریمز اور 60 فنگر پرنٹس کی ہارڈ کاپیاں برآمد ہوئیں ۔ محمد علی وسیم نے کہا کہ شہریوں کے ذاتی اور حساس ڈیٹا کی غیرقانونی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے منظم سائبر جرائم میں ملوث ہر کردار کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں