فلور ملز، گندم تاجروں کیلئے سٹاک لمٹ مقرر کرنے کا فیصلہ
کراچی (این این آئی) سندھ حکومت نے فلور ملز اور لائسنس یافتہ گندم تاجروں کے لیے سٹاک لمٹ مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا تاکہ ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت کا مؤثر تدارک کیا جا سکے ۔
یہ فیصلہ صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزماں اور صوبائی وزیر قانون و داخلہ ضیا لنجار کی مشترکہ زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس میں سیکریٹری قانون، سیکریٹری خوراک اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ مقررہ اسٹاک لمٹ پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اس کے مؤثر نفاذ کے لیے قانونی و انتظامی اقدامات کو جلد حتمی شکل دی جائے ۔صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزماں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ مصنوعی قلت پیدا کرنے اور منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس میں متعلقہ اداروں کو مؤثر نگرانی اور سخت عملدرآمد کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔