تبادلے کیلئے سفارش پر عدالتی افسروں کو کارروائی کی وارننگ

تبادلے کیلئے سفارش پر عدالتی افسروں کو کارروائی کی وارننگ

لاہورہائیکورٹ کا پوسٹنگ کیلئے سفارش کروانے کے معاملے پر سخت نوٹس لے لیا رجسٹرار کاسیشن ججز، سول ججز، ایکس کیڈر سمیت عدالتی افسروں کو مراسلہ جاری

لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے ماتحت عدلیہ کے ججز اور جوڈیشل افسروں کی جانب سے تبادلوں اور پسند کی تعیناتیوں کیلئے سفارشیں کروانے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئندہ ایسے اقدامات پر ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز کے تحت کارروائی کے ساتھ ساتھ توہینِ عدالت کی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے ۔ذرائع کے مطابق لاہور ہائیکورٹ ماضی میں بھی اس حوالے سے ہدایات جاری کرتی رہی ہے ، تاہم اس کے باوجود ایسے واقعات سامنے آتے رہے ہیں جن میں عدالتی افسروں نے اپنی پسند کی پوسٹنگ کیلئے مجاز اتھارٹی تک سفارشیں پہنچانے کی کوشش کی۔اس ضمن میں لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار کی وساطت سے صوبہ بھر کے سیشن ججز، سول ججز، جوڈیشل مجسٹریٹس اور ایکس کیڈر پر تعینات عدالتی افسروں کو ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ پوسٹنگ کیلئے سفارش کروانے کے معاملے کا مجاز اتھارٹی نے سخت نوٹس لیا ہے ۔مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر کسی عدالتی افسر کو کسی علاقے میں تعیناتی یا ذاتی نوعیت کے مسائل درپیش ہوں تو وہ مقررہ طریقہ کار کے تحت پراپر چینل کے ذریعے اپنی درخواست پیش کر سکتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں