قومی ترقی کیلئے نوجوانوں کو بااختیار بنایا جائے : چیئرمین سینیٹ
نوجوان قومی اثاثہ ، تعلیم، بہتر صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہونگی ، یوسف رضا
اسلام آباد (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عالمی یومِ آبادی نوجوانوں میں سرمایہ کاری اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کے مواقع فراہم کرنے کی اہمیت اجاگر کرتا ہے ، اس سال کا موضوع آج اور مستقبل میں نوجوانوں کی امیدوں اور امنگوں کو حقیقت کا روپ دینا اس امر کا تقاضا کرتا ہے کہ نوجوانوں کو قومی ترقی کے عمل میں موثر کردار ادا کرنے کے لیے بااختیار بنایا جائے ۔ہفتہ کوعالمی یومِ آبادی کے موقع پراپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی بڑی نوجوان آبادی ایک قیمتی قومی اثاثہ ہے ، معیاری تعلیم، بہتر صحت کی سہولیات، فنی مہارتوں کے فروغ اور روزگار کے مناسب مواقع کے ذریعے نوجوانوں کو معاشی ترقی اور سماجی خوشحالی کا محرک بنایا جا سکتا ہے ۔