اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ کا خطے کی صورتحال پر رابطہ
امریکا اور ایران تحمل کا مظاہرہ اورامن مذاکرات کریں ،دونوں رہنماؤں کا اتفاق نائب وزیراعظم کا مالدیپ کی وزیر خارجہ ڈاکٹرآدم سے رابطہ ،باہمی امور پر گفتگو
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلیفون پر گفتگو میں خطے کی حالیہ صورتحال اور امریکا و ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے باوجود بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تنازع کا دوبارہ شدت اختیار کرنا کسی کے مفاد میں نہیں اور اس سے خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔
سعودی وزیر خارجہ نے جاری سفارتی کوششوں کے حوالے سے مملکت کا مؤقف بیان کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور مسلسل مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر اسحاق ڈار نے پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام فریق زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ثالثی کی کوششوں کو کامیاب، پرامن اور بامعنی نتیجے تک پہنچانے کیلئے ضروری وقت اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے ۔دریں اثنا اسحاق ڈار نے مالدیپ کی وزیر خارجہ ڈاکٹر اِروتھشام آدم سے بھی ٹیلیفون پر گفتگو کی اور انہیں مالدیپ کے 61ویں یومِ آزادی پر پیشگی مبارکباد دی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جبکہ مالدیپ کی وزیر خارجہ نے ایران۔امریکا تنازع میں پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہا۔