مالیاتی معاملات پرمہم بے بنیاداورگمراہ کن:خواجہ آصف
بدنیتی پر مبنی منظم مہم سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مجروح ،ملکی ساکھ متاثر ہوسکتی ہے غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کرنیوالے عناصر کیخلا ف کارروائی کی جائے :وزیردفاع
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کے اہم مالیاتی معاملات کو بے بنیاد اور گمراہ کن الزامات کے ذریعے بدنام کرنے کیلئے بظاہر ایک منظم اور بدنیتی پر مبنی مہم چلائی جا رہی ہے ۔ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ تمام دعوے مکمل طور پر بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔ پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ اور 750 ملین ڈالر کے یورو بانڈ کا اجرا تمام قانونی اور ضابطہ جاتی تقاضوں کے مطابق کیا گیا۔خواجہ آصف نے کہا کہ خودمختار مالیاتی معاملات سے متعلق غلط معلومات کی مسلسل اشاعت اور قومی اسمبلی میں پوچھے گئے سوالات کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے اثرات صرف عوامی بحث تک محدود نہیں رہتے بلکہ اس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مجروح، بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں میں پاکستان کی ساکھ متاثر اور مستقبل کے مالیاتی اقدامات پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ صحافت نہیں بلکہ سنسنی خیزی، غلط معلومات اور مخصوص سیاسی مقاصد پر مبنی زرد صحافت ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو قابلِ اطلاق قوانین کے تحت غیر ذمہ دارانہ اور گمراہ کن رپورٹنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کے حق کا جائزہ لینا چاہئے ۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ صحافتی اصولوں کا تقاضا ہے کہ خبر نشر یا شائع کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کی جائے اور متعلقہ فریق کا مؤقف ضرور لیا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے وزارتِ خزانہ سے معلومات حاصل کی ہیں تاکہ قارئین کے سامنے دوسرا مؤقف اور جوابی دلیل بھی پیش کی جا سکے ۔