ہرمز کی پھر بندش سے توانائی منڈیاں غیر یقینی کا شکار : علی پرویز
اصلاحاتی کمیٹی کاپٹرولیم پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ کو مزیدشفاف بنانے پر اتفاق عوام کو پٹرولیم کی قیمتوں کے تعین کا بینچ مارک معلوم ہوناچاہئے :کمیٹی ارکان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیرپٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی دوبارہ بندش سے عالمی توانائی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی۔پٹرولیم قیمتوں کے تعین کے نظام میں اصلاحات پر وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کا اجلاس ہواجس کی صدارت وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کی۔اجلاس میں عالمی مارکیٹ کے تناظر میں پٹرولیم قیمتوں کے تعین کے مختلف طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا، کمیٹی نے سفارش پیش کی کہ عوام کو پٹرولیم کی قیمتوں کے تعین کا بینچ مارک معلوم ہوناچاہئے۔
اجلاس میں پٹرولیم پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ کو صوابدیدی فیصلوں سے پاک نظام کے تحت چلانے پر اتفاق کیا گیا، تیل کی سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن پر تمام ارکان نے اتفاق کرتے ہوئے شفافیت بڑھانے پر زور دیا۔ وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے اجلاس کے دوران کہا کہ آبنائے ہرمز کی دوبارہ بندش سے عالمی توانائی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی، آبنائے ہرمز بند ہونے سے کمیٹی کی ذمہ داری مزید اہم ہو گئی۔انہوں نے کہا پاکستان میں پٹرول کی قیمتیں بنگلہ دیش، سری لنکا اور ترکیہ سے کم اور بھارت کے تقریباً برابر ہیں، درآمدی ڈیزل پر انحصار کم کرنے کیلئے ریفائنری پالیسی میں ترامیم تجویز کر دی ہیں۔علی پرویز ملک نے کہا کہ مقامی ڈیزل پیداوار میں اضافہ پاکستان کی توانائی سلامتی کو مزید مضبوط بنائے گا،پٹرولیم پرائسنگ کمیٹی کا آئندہ اجلاس حتمی ہوگا جس کے بعد سفارشات وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments