طوفانی بارش، کوہاٹ میں چھت گرنے سے خاندان کے 9 افراد جاں بحق، 3 زخمی

طوفانی بارش، کوہاٹ میں چھت گرنے سے خاندان کے 9 افراد جاں بحق، 3 زخمی

مرنے والوں والوں میں 6 خواتین اور 3 بچے بھی شامل ، اسلام آباد ،لاہور سمیت مختلف علاقوں میں آج بارش کی پیشگوئی دیامر میں سیلابی ریلوں سے تباہی، مسافر ، گاڑیاں، سیاح پھنس گئے ،وفاقی وزیر کی متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

 کوہاٹ ،چلاس ،اسلام آباد ،کراچی ( نما ئندہ دنیا ،دنیا نیوز،آئی این پی) خیبر پختونخوا کے علاقے کوہاٹ میں طوفانی بارش کے دوران ایک مکان کی چھت گرنے سے 9 افراد  جاں بحق جب کہ 3 زخمی ہو گئے ۔ریسکیو حکام کے مطابق افسوسناک واقعہ تحصیل لاچی کے علاقے ماگین میں پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق ہوگئے ، مرنے والوں میں 6 خواتین اور 3 بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔محکمہ موسمیات نے لاہور،اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آج بارش کی پیشگوئی کر دی تاہم بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

دوسری طرف گلگت بلتستان کے ضلع دیامرمیں طغیانی اورسیلابی ریلوں سے مختلف علاقوں میں تباہی ، تھورمیں موسلادھار بارش کے باعث 6 سے زائد مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ لاہور،راولپنڈی، مری ، گوجرانوالہ، شیخوپورہ ، سیالکوٹ ،ڈیرہ غازی خان ، ملتان ، چترال، سوات، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد ، ژوب ، قلات، شیرانی، کوہلو ، خضدار ،تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی، سکھر اورجیکب آباد سمیت ملک کے دیگر مختلف علاقوں میں آج کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور کہیں تیز بارش ہو سکتی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور دیگر بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے ۔ کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر آئندہ 3 روز کے دوران ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے ۔

ادھر گلگت بلتستان کے ضلع دیامرمیں سیلا بی ریلوں کے باعث متعدد مکانات، زرعی زمینیں، فصلیں اور درخت بہہ گئے ، تھورکی رابطہ سڑک متعدد مقامات پر بندہو گئی ۔ نجی کمپنی کے 13 ڈمپر، ایک ایکسویٹر، کریش پلانٹ اور 2 واٹرٹینکر سیلاب میں بہہ گئے ۔رپورٹ کے مطابق کھنبری میں زرعی زمینوں، فصلوں، درختوں اور رابطہ سڑک کو شدید نقصان پہنچا ، مسافر، مال بردار گاڑیاں اور سیاح پھنس گئے ، متاثرہ علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا اور رات گئے سے بجلی معطل ہے ۔نیاٹ میں شدید سیلاب سے رابطہ سڑک متعدد مقامات پر بند ہے ، متاثرین نے حکومت سے فوری امداد، بجلی بحال اور سڑکوں کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے ۔ ادھر وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے ایک اجلاس کی صدارت کی ،انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ضلعی و یونین کونسل سطح پر رابطہ مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...