پنجاب اسمبلی :تاریخ میں پہلی بار پارلیمانی جوڈیشل کمیٹی قائم
سردار اویس کمیٹی کے چیئرمین ،علی حیدر گیلانی، شوکت راجہ ودیگر ممبر ہوں گے ڈی پی او قصور کے خلاف تحریک استحقاق جمع ، اجلاس جلد بلائے جانے کا امکان
لاہور(سیاسی نمائندہ،د نیا نیوز،آئی این پی)پنجاب اسمبلی کی تاریخ میں پہلی بار پارلیمانی جوڈیشل کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے ۔کمیٹی کا قیام پنجاب اسمبلی پریولیجز ایکٹ 1972 کے سیکشن 11 سی کے تحت عمل میں لایا گیا، سپیکر ملک محمد احمد خان کی ہدایت پر تشکیل دی گئی کمیٹی کے چیئرمین رکن اسمبلی سردار محمد اویس دریشک مقرر کیے گئے ہیں جبکہ کمیٹی کے ارکان میں سید علی حیدر گیلانی، شوکت راجہ، نورالامین وٹو، چودھری افتخار حسین ، امجد علی جاوید، ذوالفقار شاہ، راحیلہ خادم حسین اور احمر رشید بھٹی شامل ہیں جبکہ سپیکر کے مشیر اسامہ خاور گھمن کمیٹی کی کارروائی میں معاونت کریں گے ۔
جوڈیشل کمیٹی اسمبلی کے استحقاق سے متعلق معاملات کی سماعت، تحقیقات اور سپیکر کی جانب سے بھجوائے گئے استحقاقی ریفرنسز پر کارروائی کی مجاز ہوگی۔کمیٹی کو نوٹس جاری کرنے ، شواہد اور دستاویزات طلب کرنے ، گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے اور متعلقہ افراد کا مؤقف سننے کا اختیار حاصل ہوگا ۔کمیٹی استحقاق کی خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں کمیٹی سزا یا جرمانے کی سفارش یا متعلقہ قانونی کارروائی کر سکتی ہے ۔ذرائع کا مزید کہنا ہے ایم پی اے سید علی حیدر گیلانی کی جانب سے ڈی پی او قصور آفتاب پھلروان کے خلاف جمع کرائی گئی تحریکِ استحقاق پر جوڈیشل کمیٹی کا اجلاس جلد بلائے جانے کا امکان ہے ۔ اسمبلی ذرائع کے مطابق موجودہ دورِ حکومت میں جوڈیشل کمیٹی کا یہ پہلا اجلاس ہوگا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments