400 میٹر طویل میگا کنٹینر بردار جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز
3ہزار کنٹینرز کی ہینڈلنگ متوقع، ٹرمینل پرآپریشنل عملہ متحرک، کے پی ٹی حکام
کراچی(کامرس رپورٹر)کراچی پورٹ نے بحری تجارت کے شعبے میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے دنیا کے بڑے کنٹینر بردار جہازوں میں شمار ایم ایس سی ایریکا کا استقبال کیا۔ 398.5 میٹر طویل یہ میگا کنٹینر بردار جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہو گیا، جس کی آمد ملکی بندرگاہی صلاحیت اور جدید میری ٹائم انفرا اسٹرکچر پر عالمی شپنگ لائنز کے اعتماد کا اظہار ہے ، کے پی ٹی کے مطابق ایم ایس سی ایریکا کی چوڑائی 59 میٹر، اس میں 20 ہزار ٹی ای یوز تک کنٹینرز لے جانے کی گنجائش ہے جو اسے دنیا کے بڑے کنٹینر بردار جہازوں کی صف میں شامل کرتی ہے ، جہاز کا اندرونی حجم (گراس ٹنیج) ایک لاکھ 94 ہزار 308 میٹرک ٹن ہے جبکہ اس کا ڈرافٹ 12 میٹر ہے جو اسکے بڑے حجم اور بھاری کارگو کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے ۔
پورٹ حکام کے مطابق اس جہاز سے 3ہزار سے زائد کنٹینرز کی ہینڈلنگ متوقع ہے ، جس کیلئے کراچی پورٹ پر جدید کرینوں، ٹرمینل سہولیات اور آپریشنل عملے کو متحرک کر دیا گیا، تاکہ کارگو کی لوڈنگ اور اَن لوڈنگ کا عمل مقررہ وقت میں مکمل کیا جا سکے ، کے پی ٹی کا کہنا ہے کہ کارگو آپریشن مکمل ہونے کے بعد ایم ایس سی ایریکا اپنی اگلی منزل چین کیلئے روانہ ہوگا۔ بندرگاہی ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے میگا کنٹینر بردار جہازوں کی کراچی آمد اس بات کا ثبوت ہے کہ ملکی بندرگاہیں بڑے بحری جہازوں کو ہینڈل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، جس سے بین الاقوامی تجارت کو فروغ، کنٹینر ٹریفک میں اضافہ اور پاکستان کے میری ٹائم و لاجسٹکس سیکٹر کی مسابقتی صلاحیت مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments