وفاق اپنے نظام کی خامیوں کا بوجھ عوام پر نہ ڈالے :سہیل آفریدی
پختونخوا کے عوام لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کا عذاب بھگت رہے ہیں:وزیراعلیٰ لوڈشیڈنگ پر برہمی کا اظہار،زیر التوا 1638 کیسز جلد نمٹانے کی ہدایت
پشاور (دنیا نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وفاق اپنے نظام کی خامیوں کا بوجھ عوام پر ڈالنے کے بجائے انہیں دور کرے ، اپنی ضرورت سے د گنی سے زائد بجلی پیدا کرنے کے باوجود پختونخوا کے ساتھ ناانصافی اور امتیازی سلوک جاری ہے ،عوام لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کا عذاب بھگت رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیرِ صدارت بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، کم وولٹیج اور توانائی سے متعلق امور پر اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، کم وولٹیج، منصوبوں میں تاخیر اور عوامی مشکلات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے زیر التوا 1638 کیسز کو جلد نمٹانے کی ہدایت کی۔
سہیل آفریدی نے ادائیگیوں کے باوجود کھمبوں، ٹرانسفارمرز اور دیگر سامان کی عدم فراہمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکموں سے رقوم وصول کرنے کے بعد بھی بجلی کی فراہمی میں تاخیر عوامی وسائل کا ضیاع ہے ، متعلقہ ادارے سیاسی ترجیحات نہیں، عوامی مفاد، انصاف اور میرٹ کو مقدم رکھیں۔انہوں نے کہا کہ فنڈز کی دستیابی کے باوجود خریداری میں تاخیر سے لاگت بڑھی تو اضافی مالی بوجھ متعلقہ محکمہ برداشت کرے گا ،وفاق صوبے کے آئینی اور مالی حقوق بھی ادا نہیں کر رہا، وفاق پر پختونخوا کے 2200 ارب روپے سے زائد واجب الادا ہیں ،ہم اپنی ضرورت سے زائد گیس پیدا کر کے وفاق کو دیتے ہیں لیکن ہمارے سی این جی سٹیشن بند کر دیے جاتے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے پشاور، ٹرائبل اور ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کو تمام زیر التوا کیسز فوری نمٹانے اور متعلقہ محکموں کو شدید گرم علاقوں میں ستمبر جبکہ دیگر علاقوں میں دسمبر تک بجلی کی جاری سکیمیں مکمل کر کے فعال بنانے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments