فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ترک صدر اردوان سے ملاقات، دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی پر بات چیت

 فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ترک صدر اردوان سے ملاقات، دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی پر بات چیت

ترکیہ کے وزیر دفاع کے ساتھ بھی ملاقات، جنرل سٹاف ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا ،گارڈ آف آنر پیش ،عسکری تعاون کے فروغ میں خدمات پر ترکش مسلح افواج کا تمغہ عطا کیا گیا بری فوج کے ہیڈکوارٹرز گئے ،مصطفی کمال اتاترک کے مزار پر حاضری،پھول چڑھائے ، دورہ خطے میں امن و استحکام کیلئے مشترکہ کوششوں کے عزم کا مظہر ہے :آئی ایس پی آر

راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر، دنیا نیوز)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترکیہ کے دورے کے دوران ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، دفاعی تعاون، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق فیلڈ مارشل نے ترک وزیر دفاع، ترک جنرل سٹاف کے سربراہ اور دیگر اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کیں جن میں مضبوط سٹریٹجک شراکت داری کے فروغ اوردفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا،فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ترک جنرل سٹاف ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا ،جنرل سٹاف ہیڈکوارٹر زپہنچنے پر فیلڈ مارشل کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، انہوں نے جنرل سلجوق بیرقدار اوغلو سے تفصیلی ملاقات کی۔

جس میں علاقائی سکیورٹی اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، فیلڈ مارشل کودوطرفہ عسکری تعاون کو فروغ دینے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں ترکش مسلح افواج کا امتیازی خدمات کا تمغہ بھی عطا کیا گیا ،انہوں نے ترک بری فوج کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا جہاں ان کا استقبال جنرل متین توکل نے کیا،فیلڈ مارشل نے مصطفی کمال اتاترک کے مزار پر بھی حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور جدید ترکیہ کے بانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا ، آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کے دورہ کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان سٹریٹجک اور دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا تھا،یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان کثیرالجہتی دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے ، عسکری تعاون کو وسعت دینے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کا مظہر ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...