سعودی عرب پر حملے ناقابل قبول : خطے کے امن واستحکام کو سنگین خطرہ : شہباز شریف

 سعودی عرب پر حملے ناقابل قبول : خطے کے امن واستحکام کو سنگین خطرہ : شہباز شریف

مشکل کی گھڑی میں پاکستان سعودی عرب کیساتھ شانہ بشانہ کھڑا ، امن کوششوں کی حمایت کرینگے :وزیراعظم معیشت کو کیش لیس نظام پر منتقل کرنے سے پائیدار معاشی ترقی ہوگی،شفافیت کو فروغ ملے گا : خطاب

اسلام آباد(دنیا نیوز،نامہ نگار،اے پی پی )وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں ناقابل قبول قرار دے دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ حملے خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور تحفظ کے لیے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے ، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام، سلامتی اور باہمی افہام و تفہیم کے لیے ہر مخلصانہ کوشش کی حمایت جاری رکھے گا۔ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا مشرقِ وسطیٰ (یمن) کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس ہوا جس میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے بھی خطاب کیا،عثمان جدون نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان یمن کی خودمختاری، آزادی، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتاہے ، خطے میں بڑھتی کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات ، سفارتکاری اور تحمل کا راستہ اختیار کریں۔ دریں اثنااجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ ملکی معیشت کو کیش لیس نظام پر منتقل کرنے سے پائیدار معاشی ترقی ہوگی اور شفافیت کو فروغ ملے گا۔

وزیراعظم نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لیے کیو آر کوڈ استعمال کرنے والے فعال مرچنٹس کی تعداد میں ایک سال کے دوران 300 فیصد اضافہ کرنے پر معاشی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مر چنٹس کو کیو آر کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے آگاہی مہم مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی ، وزیراعظم نے کہاکہ بینک اور مالیاتی ادارے کیش لیس معیشت کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کریں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بیرون ملک سے آنے والی ترسیلاتِ زر کو 100 فیصد ڈیجیٹل بنایا جائے ، وزیرِ اعظم سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار،مشیل باشلیٹ نے ملاقات کی ،وزیراعظم نے ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کثیرالجہتی تعاون کے فروغ اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کے لیے پاکستان کی مضبوط حمایت کا اعادہ کیا،مشیل باشلیٹ نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی تاریخی اور گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل اور مؤثر کاوشوں کی بھی تعریف کی،علاوہ ازیں ہنرمندی، پیشہ وارانہ مہارت کے عالمی دن پرجاری اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی قومی اثاثہ ہیں ،آج ڈیجیٹل جدت، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، مصنوعی ذہانت اور تیزی سے بدلتی ہوئی عالمی معیشت مستقبل کے روزگار کی نئی جہتیں متعین کر رہی ہیں،اس نئے دور میں بین الاقوامی معیار کی مہارت ترقی کی حقیقی ضامن ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...