اٹلی جانیکی کوشش ، 12 نوجوان ایران سے لاپتا،تحقیقات شروع
تمام نوجوان ڈنکی مافیا کے ہاتھ لگ گئے ،7 افراد باٹا پور لاہور کے رہائشی ہیں ایجنٹ نے 3 نوجوانوں کی دل دہلا نے والی ویڈیوز بھیجیں،رقم مانگ رہے :ورثا
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ،مانیٹرنگ ڈیسک )غیر قانونی اٹلی جانے کی کوشش میں 12 نوجوان ڈنکی مافیا کے ہاتھ لگ گئے ، مبینہ طور پر ایران سے لاپتا،7نوجوان باٹاپور لاہور کے رہائشی ہیں،ان میں تین کزن دلشاد، اسامہ اور وقاص بھی شامل ہیں۔ ورثاکی درخواست پر ایف آئی اے نے مقدمات درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ اسی علاقہ کا رہائشی عامر نامی ایجنٹ لاکھوں وصول کرکے نوجوانوں کو ساتھ لے گیا۔ ایران پہنچنے کے بعد نوجوانوں نے اہلخانہ سے رابطہ کیا تاہم اسکے بعد رابطہ منقطع ہوگیا۔اہلخانہ کے مطابق ایجنٹ نے تین نوجوانوں کی دل دہلا دینے والی ویڈیوز بھی خاندانوں کو بھیجیں، ویڈیوز میں نوجوان انتہائی خراب حالت میں دکھائی دے رہے ہیں۔
گلے میں زنجیریں بندھی ہیں اور وہ روتے ہوئے اہلخانہ سے رقم بھیجنے کی اپیل کر رہے ہیں۔ بعد ازاں وقاص کے موبائل نمبر سے پہلے 10،10 لاکھ کا مطالبہ کرنے پر رقم بھیجی گئی ، اب ہر نوجوان کی رہائی کیلئے مزید 6 ،6 ہزار ڈالر مانگے جا رہے ہیں ۔ متاثرہ خاندانوں نے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے )میں درخواست جمع کرا دی اور مطالبہ کیا ہے کہ نوجوانوں کو بازیاب اور ملوث افراد کیخلاف فوری کارروائی کی جائے ۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہاکہ اٹلی بھجوانے کے نام پر 12 نوجوانوں کے ایران سے مبینہ طور پر لاپتا معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں،ایف آئی اے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل لاہور نے مقدمات درج کر کے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ ملوث ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments