پنجاب :سرکاری گندم کا اجراء شروع قیمت 3800 روپے من مقرر
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )پنجاب حکومت نے صوبے میں سرکاری گندم کا اجراء شروع کردیا، فی من (40کلو )کی قیمت 3500روپے سے بڑھا کر 3800 روپے مقرر کر دی۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل خوراک پنجاب امجد حفیظ نے بتایا ہے کہ صوبے میں گندم، آٹے اور روٹی کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کیلئے سرکاری گندم ذخائر کے اجراء کا آغاز کر دیا اور سرکاری گندم 3ہزار800 روپے فی من کے نرخ پر جاری کی جا رہی ہے ،وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ نرخ میں مزید کمی لائی جائے گی ،پاسکو (PASSCO)کی ایک ملین میٹرک ٹن گندم بھی حکومتِ پنجاب کے محکمہ خوراک کو منتقل کی جا رہی ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل فوڈ پنجاب نے بتایا کہ سرکاری ذخائر کا اجراء ایک مربوط حکمتِ عملی کے تحت جاری رہے گا، ذخیرہ اندوزی یا مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ان کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔دوسری طرف سربراہ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا کا کہنا ہے کہ گندم پنجاب بھر میں 4300 سے 45 سو روپے من فروخت ہو رہی، اسی وجہ سے آٹا اور روٹی مہنگی ہو رہی ہے ، سرکاری گندم کا اجرا حکومت پنجاب کا احسن قدم ہے اس سے مارکیٹ میں گندم کی قیمتوں میں استحکام آئے گا ، گندم امپورٹ کا بھی فیصلہ کیاجائے وگرنہ دسمبر میں آٹے بحران کا سامنا ہو سکتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments