ستھرا پنجاب، فوڈ اتھارٹی،ماحولیات کے ڈی جیز تبدیل
عمر جاوید ستھرا پنجاب ، موسیٰ رضا ماحولیات ،راجہ منصور فوڈ اتھارٹی کے ڈی جیز ہونگے عمر عباس میلہ ڈی جی پی ڈی ایم اے ،احمد عثمان جاوید ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ مقرر ذوالفقار بھون سی او صاف پانی تعینات ،متعدد ڈپٹی کمشنرز ،محکمہ ہیلتھ کے افسر تبدیل
لاہور (اپنے نامہ نگارسے ،دنیا نیوز،ہیلتھ رپورٹر) پنجاب حکومت نے بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کرتے ہوئے متعدد سینئر افسروں کی نئی تعیناتیاں کر دی ہیں، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا،ستھرا پنجاب،پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ماحولیات کے ڈی جیز کو تبدیل کر دیا گیا ہے ،نوٹیفکیشن کے مطابق کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کو تبدیل کرکے سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ عمران حامد کو ڈائریکٹر جنرل ماحولیات کے عہدے سے ہٹاکر کمشنر فیصل آباد مقرر کیا گیا ہے ،سید موسیٰ رضا کو ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کے عہدے سے تبدیل کرکے ڈی جی ماحولیات تعینات کیا گیا ہے۔
راجہ منصور احمد کو نیا ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی مقرر کر دیا گیا ،بابر صاحب دین کو ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی سے ہٹا دیا گیا ہے ان کو ڈپٹی کمشنر جھنگ تعینات کر دیا گیا جبکہ ان کی جگہ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عمر جاوید کو ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی تعینات کیا گیا ہے ، عمر عباس میلہ کو ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ کے عہدے سے تبدیل کرکے نیا ڈی جی پی ڈی ایم اے مقرر کیا گیا ہے ،صبا اصغر علی کو ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کے عہدے سے ہٹا کر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ میں چیف آف سیکشن تعینات کیا گیا ہے جبکہ اویس مشتاق کو نیا ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ مقرر کیا گیا ہے ،اسی طرح ماہم آصف ملک کو ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ تعینات کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کو ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ تعینات کیا گیا ہے جبکہ محمد اکرام ملک نئے ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ ہوں گے ،ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر کو ایڈیشنل سیکرٹری آبپاشی مقرر کیا گیا ہے ،ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ رشید کو سینئر مینجمنٹ کورس کے لیے ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، حنا ارشد کو ڈپٹی کمشنر خانیوال تعینات کیا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب تسلیم اختر راؤ کو ایڈیشنل سیکرٹری صحت و آبادی لگا دیا گیا ہے جبکہ رعنا حمید کو نئی ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب تعینات کیا گیا ہے ،محمد عباس شاہ کو ڈپٹی کمشنر بہاولنگر،ذوالفقار احمد بھون کو چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب صاف پانی اتھارٹی تعینات کیا گیا ہے ،سید علی اصغر کو ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ پنجاب جبکہ ڈاکٹر محمد وحید اصغر بھٹی کو منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ریسورس مینجمنٹ اینڈ پالیسی یونٹ تعینات کر دیا گیا ہے۔
محکمہ صحت و آبادی پنجاب نے انتظامی امور میں بہتری کے لیے اہم تقرر و تبادلے کئے ہیں ،قائم مقام ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر خالد محمود کا تبادلہ کر کے انہیں جنرل منیجرمیڈیکل سٹور ڈپو پنجاب تعینات کر دیا گیا ہے ، ایڈیشنل ڈائریکٹر ٹی بی کنٹرول پروگرام ڈاکٹر طلحہ شیروانی کو ایڈیشنل پرنسپل میڈیکل افسر، بلال گنج ہسپتال لاہور کا چارج سونپا گیا ہے ،ان کی جگہ ڈاکٹر محسن وٹوکو ایڈیشنل ڈائریکٹر ٹی بی کنٹرول پروگرام تعینات کیا گیا ہے ، ڈاکٹر محسن وٹو کو ایڈیشنل ڈائریکٹر ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کا اضافی چارج بھی دے دیا گیا ہے ۔دریں اثناء ڈاکٹر معیز کو ایڈیشنل ڈائریکٹر پریونشن اینڈ کنٹرول آف اپیڈیمکس کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے ۔ اسی طرح ڈاکٹر بلال احمد افغانی کو سینئر میڈیکل افسر، بلال گنج ہسپتال تعینات کیا گیا ہے انہیں ڈپٹی ڈائریکٹر ٹی بی کنٹرول پروگرام کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments