ہوائی اڈے فروخت نہیں آؤٹ سورس کر رہے ، سیکرٹری نجکاری: پی آئی اے کی 33 جائیدادیں ہولڈنگ کمپنی کو منتقل

 ہوائی اڈے فروخت نہیں آؤٹ سورس کر رہے ، سیکرٹری نجکاری: پی آئی اے کی 33 جائیدادیں ہولڈنگ کمپنی کو منتقل

اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک مالیاتی مشیر مقرر ،معاہدے پر کل دستخط ہوں گے آئیسکو کیلئے اظہار دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ 7 ستمبر ،فیسکو 7اگست اورگیپکو کیلئے 21اگست مقرر ہے ، بریفنگ

اسلام آباد (سیدقیصرشاہ،مدثر علی رانا) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس چیئرمین سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری، بین الاقوامی ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ، نیشنل کموڈٹی ایکسچینج لمیٹڈ (این سی ای ایل) کی عمارت سے متعلق معاملات اور پی آئی اے و پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے اثاثوں کی تفصیلات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری نجکاری ڈویژن نے واضح کیا کہ ہوائی اڈوں کو فروخت نہیں کیا جا رہا بلکہ کنسیشن ماڈل کے تحت نجی شعبے کے ذریعے چلایا جائے گا تاکہ آپریشنل کارکردگی اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات بہتر بنائی جا سکیں۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کو مالیاتی مشیر مقرر کیا گیا ہے ، معاہدے پر کل دستخط ہوں گے اور یہ عمل نو ماہ میں مکمل ہونے کی توقع ہے جبکہ ابتدائی جانچ پڑتال تین ماہ میں مکمل کر لی جائے گی۔ کراچی اور لاہور کے ہوائی اڈوں کے لیے بھی ایک مشترکہ مالیاتی مشیر مقرر کیا جائے گا اور اس حوالے سے ابتدائی کام جاری ہے ۔ پی آئی اے کی 33 جائیدادیں ہولڈنگ کمپنی کو منتقل کی جا چکی ہیں جبکہ 11 جائیدادیں جن میں چار پاکستان اور سات بیرون ملک واقع ہیں، بدستور پی آئی اے کے پاس موجود ہیں۔

سینیٹر عمر فاروق نے سوال اٹھایا کہ کیا ہوائی اڈے حکومت خود نہیں چلا سکتی؟ اس پر سیکر ٹری نجکاری کمیشن نے جواب دیا کہ آؤٹ سورسنگ ماڈل کا مقصد عوام کو بہتر خدمات، زیادہ مؤثر انتظام اور اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کرنا ہے ۔ سیکر ٹری نجکاری ڈویژن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تین بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل اگست 2024 میں شروع کیا گیا تھا اور تمام متعلقہ ڈسکوز کی جامع جائزہ رپورٹس مالیاتی مشیر نے تیار کر لی ہیں۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے منتخب ڈسکوز کے 51 سے 100 فیصد حصص فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے تاہم مسابقت برقرار رکھنے کے لیے ہر سرمایہ کار کو صرف ایک ڈسکو خریدنے کی اجازت ہوگی، جبکہ فروخت کیے جانے والے حصص کی حتمی شرح سرمایہ کاروں سے مشاورت کے بعد طے کی جائے گی۔سیکرٹری نجکاری نے بتایا کہ سعودی عرب، ترکی اور چین نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے ، آئیسکو کیلئے اظہار دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ 7 ستمبر ،فیسکو کیلئے 7 اگست اورگیپکو کیلئے 21 اگست مقرر ہے ، ڈسکوز کی نجکاری میں شمولیت توانائی شعبے میں اصلاحات سے مشروط ہے ، اے ڈی بی کے ساتھ اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے مالیاتی مشیر کا معاہدہ کل ہوگا، لاہور اور کراچی کیلئے ایک ہی مالیاتی مشیر مقرر کیا جائے گا، لاہور اور کراچی ائیرپورٹس کی توسیع کرنا بھی پلان کا حصہ ہے ، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ جلد از جلد کی مکمل کی جائے ، وزارت نجکاری نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن لمیٹڈ کی 11 جائیدادوں کی تفصیل بھی فراہم کی ہے جو نجکاری معاہدے کا حصہ ہیں۔ تمام جائیدادوں کی مالیت 2025 کی مارکیٹ ویلیو کی بنیاد پر لگائی گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...