کشمیر کمیٹی نے لیاقت بلوچ کی سربراہی میں’’امن جرگہ‘‘ تشکیل دیدیا
جرگہ صدر، وزیراعظم مقتدر شخصیات ،تمام سٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں کریگا ڈیڈ لاک سے قضیہ کشمیر متاثر، مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے :لیاقت بلوچ
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ) جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں قائم کشمیر کمیٹی نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کی سربراہی میں ’’امن جرگہ‘‘ تشکیل دے دیا۔ اسلام آباد میں ہونے والے کمیٹی کے پہلے اجلاس میں ڈاکٹر محمد مشتاق خان، میاں محمد اسلم، عبدالرشید ترابی، ڈاکٹر خالد محمود خان، جہانگیر خان، نصراللہ رندھاوا، کاشف چودھری ، شکیل احمد ترابی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ جرگہ صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، مقتدر شخصیات، آزاد کشمیر حکومت، سیاسی و دینی قیادت اور کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے ملاقاتیں کرکے تنازع کا پرامن حل تلاش کرے گا۔
جرگے میں سردار مسعود خان، فرزانہ یعقوب، جاوید مقبول بٹ، خواجہ سلیم بسمل، راجہ آفتاب، عمر شہزاد جرال، جسٹس (ر) سید منظور گیلانی، جسٹس (ر) سردار عبدالحمید، زاہد تبسم، عارف بہار، بریگیڈیئر (ر) الطاف، نائلہ الطاف کیانی، سردار فاروق تبسم، مولانا سید عطااللہ شاہ اور مولانا امتیاز صدیقی بھی شامل ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ثالثی کی یہ کوشش عوامی مفاد میں شروع کی، جوائنٹ ایکشن کمیٹی مذاکرات پر آمادہ ہے ، حکومت بھی فوری بات چیت کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیڈ لاک سے قضیہ کشمیر کو نقصان پہنچ رہا ہے ، احتجاج پرامن رہے ، طاقت کے استعمال سے گریز کیا جائے ، پہلے سے تسلیم شدہ مطالبات پر مذاکرات شروع کئے جائیں اور آزاد کشمیر میں بروقت، شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات یقینی بنائے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments