مولانا کی شہدا سے متعلق گفتگو سے متفق نہیں،بیرسٹر گوہر
تنخواہ تو کیا ساری دنیا کے خزانے بھی شہدا کی قربانیوں کا نعم البدل نہیں ہیں کالعدم کمیٹی کی حمایت کی ،گولی جدھر سے بھی چلے گی مرے گا ہمارا پاکستانی
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں )چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کو شہدا کو سیاست میں نہیں گھسیٹنا چاہیے ، مولانا کی شہدا سے متعلق گفتگو سے متفق نہیں، سیاستدانوں کو جوش خطابت میں الفاظ کے چنا میں احتیاط کرنی چاہیے ، یہ بات انہوں نے اڈیالہ روڈ داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو میں کہی،انہوں نے کہا ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں دہشت گردی ایک ناسور ہے ، ہمارے شہدا قوم کے ہیرو ہیں ، ہمارے فوج کے جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں، تنخواہ تو کیا ساری دنیا کے خزانے شہدا کی قربانیوں کا نعم البدل نہیں ،مولانا کا خطاب نہیں سنا لیکن شہدا کے حوالے سے انکی گفتگو سے متفق نہیں ہوں، ہم پہلے ہی کہہ چکے ہیں بی ایل اے ہندوستان ہے اور ہندوستان بی ایل اے ، بی ایل اے را ہے اور را بی ایل اے ہے ، پوری قوم انکے خلاف ہے۔
بانی کی بہنیں سسٹم سے مایوس ہیں اسی لیے باہر نکلی ہیں، اگر وہ بھائی کے لیے سٹریٹ مومنٹ چلاتی ہیں تو یہ ان کا حق ہے ، آزاد کشمیر میں انتخابات کے بائیکاٹ کا ہمارا فیصلہ موجود ہے، ہمارا موقف ہے اگر آزاد کشمیر میں صورتحال بہتر ہوئی تو ہم اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں گے ۔ ہم نے ایکشن کمیٹی کے مطالبات کی حمایت کی لیکن ہم نہیں چاہتے خون خرابہ ہو، گولی جدھر سے بھی چلے گی مرے گا ہمارا پاکستانی۔ اس موقع پر بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی یقینی بنارہے ہیں صوبے کے تمام معاملات شفافیت سے چلیں، وفاقی اداروں کا کام سرحد کی حفاظت ہے ، دہشتگرد سرحد سے کیسے داخل ہوتے ہیں یہ وفاقی اداروں کو دیکھنا ہے، اداروں کو یقینی بنانا ہے کہ دہشتگرد صوبے میں داخل نہ ہوں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments