آزادکشمیر الیکشن27جولائی کومقررہ وقت پر ہی ہونگے :رانا ثنا

 آزادکشمیر الیکشن27جولائی کومقررہ وقت پر ہی ہونگے :رانا ثنا

نواز شریف کا 19جولائی کو میرپور کا دورہ ،انٹرنیٹ بحال کر دینگے :مشیر وزیراعظم ایکشن کمیٹی نے پہلے 38،پھر مزید 8مطالبات پیش کئے :امیر مقام،طارق فضل

میرپور (دنیا نیوز)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آزادکشمیر میں عام انتخابات 27جولائی 2026کو ہوں گے ، انتخابات آئین اور قانون کے مطابق مقررہ وقت پر ہوں گے اور کسی کو طاقت یا اسلحے کے زور پر انتخابات روکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے مذاکرات میں تمام مطالبات پورے کئے گئے ، مہاجرین کی نشستوں کا معاملہ آزادکشمیر اسمبلی سے متعلق ہے ، آئینی معاملات پاکستان حکومت نہیں بلکہ آزادکشمیر اسمبلی کے دائرئہ اختیار میں آتے ہیں ،مسلم لیگ (ن)کے صدر نواز شریف 19 جولائی کو میرپور کا دورہ کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وفاقی وزیر امیر مقام اور ڈاکٹر طارق فضل چودھری کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ وہ انٹری پوائنٹس پر خوراک کی ترسیل روکنے کی اطلاعات کا جائزہ لینے آئے ہیں۔

سکیورٹی صورتحال کے باعث انٹرنیٹ بند ہے اور سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، تاہم حالات بہتر ہوتے ہی انٹرنیٹ بحال کر دیا جائے گا ، عام انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ بہتر رہنے کی توقع ہے ۔وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے پہلے 38 مطالبات پیش کیے اور بعد میں مزید 8 مطالبات شامل کیے تاہم کمیٹی نے مطالبات سے الحاقِ پاکستان سے متعلق شق نکال دی،وزیراعظم شہباز شریف نے بغیر مطالبے کے آزادکشمیر کیلئے چار دانش سکول دئیے ، 10 ارب روپے کی لاگت سے رتھوعہ ہریام برج مکمل کیا گیا۔ڈاکٹر طارق فضل نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی قیادت کشمیر سے خصوصی محبت رکھتی ہے ، میرپور اور بھمبر میں حالات پُرامن ہیں اور تمام سیاسی جماعتیں انتخابی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں،انتظامیہ شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں اپنا کردار ادا کرے کیونکہ الیکشن ہی تمام مسائل کا حل ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...