پاکستان،چین کی نجی کمپنیوں میں ویکسین،ادویات کی تیاری،ٹیکنالوجی تبادلے کے 9معاہدے

پاکستان،چین  کی  نجی  کمپنیوں  میں  ویکسین،ادویات  کی  تیاری،ٹیکنالوجی  تبادلے  کے  9معاہدے

44کروڑ ڈالرز کے معاہدے ، چین آزمودہ دوست ،چینی شہریوں کی سلامتی ترجیح ہے :وزیر اعظم،کانفرنس سے خطاب کاروباری اداروں میں پل کا کردار ادا کر ینگے :چینی سفیر ،آسان کاروبار ایکٹ کے نفاذ میں تیزی لائی جائے ،شہبازشریف

 اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)پاکستان اور چین کے نجی شعبے کے درمیان فارماسیوٹیکل سے متعلقہ شعبوں میں 44 کروڑ ڈالرز سے زائد مالیت کے 9 معاہدے ہوئے ہیں، ان میں مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری، بائیو ٹیکنالوجی، ادویات کی تیاری، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور ہیپاٹائٹس سے بچاؤ ،حفاظتی ٹیکوں کے قومی پروگرام کے حوالے سے تعاون کے معاہدے شامل ہیں، یہ معاہدے  پاکستان اور چین کی فارما سیوٹیکلز کمپنیوں کی بزنس ٹو بزنس کانفرنس میں ہوئے جس میں وزیراعظم سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی، کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے وزیراعظم نے معاہدوں کا خیرمقد م کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی نجی کمپنیوں کے مابین اشتراک سے پاکستان میں فارما سیوٹیکلز کے شعبوں کو ترقی ملے گی، انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا سب سے قابل اعتماد اور آزمودہ دوست ہے ،چینی شہریوں کی سلامتی ترجیح ہے ،اس میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کانفرنس کے انعقاد اور اس میں چینی و پاکستانی سرمایہ کاروں کی شرکت کا خیرمقدم کیا اورکہا کہ 9 معاہدوں کیلئے دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کے علاوہ وفاقی وزیر صحت ، معاون خصوصی برائے صنعت وپیداوار، پاکستان میں چین کے سفیر اور چین میں پاکستان کے سفیر کی کاوشوں کو سراہا،انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ یہ معاہدے عملی شکل اختیار کریں گے ،وزیراعظم نے چین کی غیرمتزلزل حمایت پر چینی قیادت کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ وژنری لیڈر ہیں جنہوں نے چینی معاشرے اورمعیشت کو مکمل طور پر بدل دیا ہے ، وزیراعظم نے خطے میں حالیہ بحران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس بحران نے دنیا بھرکے لئے بڑے مسائل پیدا کردیئے ہیں ، انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں ان کا کردار یاد رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بزنس کانفرنس کا انعقاد وزیراعظم کا وژن ہے ، وزیراعظم کی رہنمائی سے فارماسیوٹیکل صنعت کو عالمی سطح پر نمایاں کرنے کا منصوبہ پیش کیا ، چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں صحت کی سہولیات کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے ، پاکستان میں صحت کے شعبے میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں، پاکستان کی 29 ادویات کی مصنوعات پہلے ہی چینی منڈی میں داخل ہو چکی ہیں، ہم دونوں ملکوں کے کاروباری اداروں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کریں گے ، انہوں نے چینی کاروباری اداروں پر زور دیا کہ وہ قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے اپنی سرگرمیاں انجام دیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا کہ ماضی کے طریقوں پر چلتے ہوئے پائیدار خوشحالی ممکن نہیں، وزیراعظم ہمیشہ باور کراتے ہیں کہ ہمیں جدت کو اپنانا ہوگا، صنعتی بنیاد کو مضبوط بنانا اور سائنس و ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کرنا ہوگی ،دریں اثنا کاروبار میں آسانی کیلئے اقدامات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاہے کہ کاروبار میں آسانی کیلئے حکومت کے پالیسی اقدامات اور آسان کاروبار ایکٹ 2025 کے نفاذ میں تیزی لائی جائے ۔کاروبار میں آسانی کے اقدامات کی افادیت اور نفاذ کی جانچ کیلئے بین الاقوامی اداروں سے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے ،وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان میں مقامی و بیرونی سرمایہ کاری کی وسیع استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔کاروبار میں آسانی کیلئے پالیسی اقدامات کے نفاذ پر جامع رپورٹ مرتب کرکے جلد پیش کی جائے ،وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ متعلقہ اداروں کے افسروں کی کارکردگی کی جانچ میں انکی جانب سے کاروبار میں آسانی کے اقدامات کے نفاذ اور اسکی وجہ سے پیدا ہونے والے روزگار کے مواقع کو کلیدی اہمیت دی جائے ،علاوہ ازیں وزیرِ اعظم شہباز شریف سے "اُڑان اوورسیز پاکستان سمر سکالرز پروگرام" کے سکالرز نے ملاقات کی ۔اس موقع پر وزیرِ اعظم نے دنیا کی ممتاز جامعات میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلبہ کا پاکستان میں انٹرن شپ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ قومی ترقی میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے ۔پوری دنیا میں آج پاکستانی طلبا و طالبات ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔وزیرِ اعظم نے سکالرز کو حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر بریفنگ دی اور انکے سوالات کے جوابات دئیے ،انہوں نے سکالرز پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم، تحقیق اور عالمی تجربے کو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بروئے کار لائیں۔اجلاس میں طلبا و طالبات نے مختلف شعبوں میں بہتری کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...