اپنی چھت پراجیکٹ کی قسط میں کمی:پنجاب میں کوئی گھر اتنا کمزور نہ ہوگا کہ خاندان تباہ کر دے:مریم
قسط 4700سے 9300ماہانہ مقرر، گھر میں اضافی کمرے ،دوسری منزل کیلئے 10لاکھ کا بلاسود قرض لیا جاسکتا کاہنہ کے شہید بچوں کی یاد میں پراجیکٹ پورٹل کا افتتاح،ڈبلیو ڈبلیو ایف کاڈولفن کے تحفظ پر مریم کوخراج تحسین
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سانحہ کاہنہ کے شہید معصوم بچوں کی یاد میں اپنی چھت، محفوظ چھت پراجیکٹ پورٹل کا ڈیجیٹل افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پراپنی چھت،محفوظ چھت پراجیکٹ کیلئے ماہانہ قسط کو کم کرتے ہوئے 14ہزار ماہانہ کی بجائے تقریباً 4700سے 9300ماہانہ قسط مقرر کی گئی ہے ۔پنجاب کے شہری اپنے گھر کی چھت کو محفوظ اورمضبوط بنانے کیلئے 5لاکھ کابلا سود قرض حاصل کرسکیں گے ۔ شہری اپنے گھر میں اضافی کمرے ،دوسری منزل وغیرہ بنانے کیلئے بھی10لاکھ کا بلاسودلون لے سکیں گے ۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے بریفنگ میں بتایا کہ شہری acag.punjab.gov.pkپراپنی چھت، محفوظ چھتکے لون کیلئے اپلائی کرسکتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر آفس،اے سی آفس اورپھاٹا کے دفاتر سے بھی اپنی چھت، محفوظ چھت کے لئے اپلائی کیا جاسکتا ہے ۔ اپنی چھت،محفوظ چھتپراجیکٹ کے لئے ہیلپ لائن0800-09100پر بھی رجوع کیا جاسکتا ہے ۔ پراجیکٹ کے تحت2کھرب24 ارب 45 کروڑ 70لاکھ کے ایک لاکھ 73ہزار 158بلاسود قرضے جاری کیے گئے ۔
مریم نوازنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھر محض اینٹ پتھر کا مجموعہ نہیں بلکہ تحفظ کی علامت ہے ۔گھر ایسے محفوظ ہوتا ہے کہ بچے ماں کے ساتھ تحفظ محفوظ کرتے ہیں۔ کاہنہ میں ہونے والا سانحہ دل دہلا دینے والا تھا۔تعمیر کے دوران چھت گرنے سے 14معصوم بچے چلے گئے ۔سانحہ کاہنہ کی وجہ سے میں رات بھر سو نہ سکی۔ جن ماں باپ کے بچے دنیا سے چلے گئے ان کا کیا حال ہوگا،ماں کا دکھ کوئی ماں ہی جان سکتی ہے ۔میں نے سانحہ کاہنہ کی متاثرہ ماں کا نہ ختم ہونے والا دکھ دیکھا اورمحسوس کیا۔آج ہم پورے پنجاب کیلئے اہم اعلان کرنے جارہے ہیں۔ ہرگھر کو محفوظ بنانے کیلئے اپنی چھت،محفوظ چھتپراجیکٹ شروع کیا ہے ۔دو لاکھ خاندان کرائے کے گھروں سے اپنی چھت تلے آگئے ۔کمزور اورخستہ حال چھتوں کو محفوظ کرنے کیلئے نہایت آسانی سے قرض مل سکتا ہے ۔پانچ لاکھ روپے قرض کیلئے 4700روپے ماہانہ 9سال میں ادا کرنے ہوں گے ۔ لون کی پراسس فیس اوردیگر واجبات حکومت خود ادا کرے گی۔لمبے چوڑے پروسیجر کی بجائے سی این آئی سی کے ساتھ پنجاب کا ہر شہری اپلائی کرسکتا ہے ۔عوام کی سہولت کیلئے آسان شرائط اورآسان ماہانہ قسط رکھ رہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ ایک سے زیادہ رہائش پذیر خاندانوں کیلئے اضافی کمرے اورنئے منزل بنانے کیلئے 10لاکھ روپے بلاسود قرض دیں گے ۔
اپنی چھت،محفوظ چھت پروگرام کے لون کے اجرا کے بعد تین ماہ گریس پیریڈ ہوگا،چوتھے ماہ قسط دینا ہوگی۔اپنی زمین اپنا گھر کے لئے دو ہزار پلاٹ کے الاٹمنٹ مل چکے ہیں۔اپنی زمین اپنا گھر کے الاٹی بھی 15لاکھ لون کیلئے اپلائی کرسکتے ہیں۔آج کے بعد پنجاب میں کوئی گھر اتنا کمزور نہیں ہوگا کہ کسی خاندان کو تباہ کردے ۔دریں اثنا دنیا کی سب سے بڑی غیر سرکاری ماحولیاتی تحفظ کی تنظیم ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ (امریکا)نے نایاب نسل کی ڈولفن کے تحفظ کیلئے اہم سنگ میل عبور کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ ورلڈ وائلڈ فنڈ تنظیم نے نایاب ہوتی ڈولفن کی نسل کو بچانے اور افزائش کے لئے پنجند انڈس ریور ڈولفن سینکچو اری قائم کرنا مریم نوازکا تاریخی اقدام قرار دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے یہ محفوظ علاقہ بنانے کا منصوبہ شروع کیا۔ ڈولفن کے لئے یہ محفوظ اور مخصوص علاقہ دریائے سندھ کے تقریباً 123 میل طویل حصے پر محیط ہے ۔ اس سینکچو اری میں وہ تاریخی مقام بھی شامل ہے جہاں پنجاب کے پانچوں دریا آپس میں ملتے ہیں۔ نئی سینکچو اری سندھ میں پہلے سے موجود محفوظ علاقے سے بھی منسلک ہوگی۔ مجموعی طورپر تقریباً 249 میل طویل مسلسل دریائی مسکن قانونی تحفظ کے دائرے میں آ جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments