بلوچستان حکومت اور دھرنا کمیٹی میں مذاکرات کامیاب،تحریری معاہدہ طے پاگیا
زیارت وا قعہ کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے اور لواحقین کے مطالبات پر عملدرآمد پر اتفاق شہدائے زیارت کے لواحقین کی کفالت، بچوں کی تعلیم ، معاوضہ بھی پالیسی کے مطابق دیا جائے گا
کوئٹہ (دنیا رپورٹ )وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی مفاہمتی کوششیں کامیاب ہو گئیں، حکومت بلوچستان اور دھرنا کمیٹی کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہو گئے اور فریقین کے درمیان ایک تحریری معاہدہ طے پا گیا ، معاہدے کے تحت شہدائے زیارت کے لواحقین کے مطالبات پر عملدرآمد اور صوبے میں امن و استحکام کے لئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔مذاکرات میں حکومتیکمیٹی کی سربراہی وزیر صحت بخت کاکڑ نے کی، کمیٹی میں صوبائی وزراء ضیاء لانگو، سلیم خان کھوسہ، میر عاصم کرد گیلو، سینیٹر منظور کاکڑ، بلال کاکڑ اور کمشنر کوئٹہ شاہ زیب کاکڑ بھی شامل تھے ۔معاہدے کے مطابق شہدائے زیارت کے واقعے کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی سربراہی میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر اپوزیشن جماعتوں اور شہداء کے لواحقین کا مشترکہ اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا۔
فریقین نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ بلوچستان کے شہری علاقوں میں پولیس فورس کی استعداد، افرادی قوت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ امن و امان کی صورتحال کو مزید مؤثر بنایا جا سکے ۔تحریری معاہدے کے تحت شہدائے زیارت کو مروجہ پالیسی کے مطابق شہید قرار دیا جائے گا، جبکہ ان کے لواحقین کی کفالت، بچوں کی تعلیم اور مالی معاوضہ بھی سرکاری پالیسی کے مطابق فراہم کیا جائے گا۔ شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے مختلف سرکاری عمارات ان کے نام سے بھی منسوب کی جائیں گی۔معاہدے میں یہ بھی طے پایا کہ ریونیو سے متعلق عوامی تحفظات کے ازالے کے لیے وزیر ریونیو کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی جائے گی، جس میں متعلقہ سرکاری افسران اور علاقے کے معتبرین شامل ہوں گے ۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہداء ہمیں بے حد عزیز ہیں، ان کے اہلِ خانہ کی ہر ممکن دیکھ بھال حکومت بلوچستان کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج، ایف سی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عظیم قربانیوں کو پوری قوم خراجِ تحسین پیش کرتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments