وزیراعظم آفس میں مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹریکنگ نظام کا افتتاح
خودکار احتسابی نظام سے فیصلہ سازی تیز ،پالیسیوں کا نفاذ موثر ہوگا:شہبازشریف وزیراعظم سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کی ملاقات ،ملکر کام کرنیکا عزم
اسلام آباد (نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم آفس میں مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ٹریکنگ اور فیصلہ سازی نظام کا افتتاح کر دیا جس کا مقصد وزیراعظم کی ہدایات پر عملدرآمد، پیشرفت اور نگرانی کو ٹریک کرنا ہے تاکہ خودکار احتسابی نظام کے ساتھ فیصلہ سازی کا عمل تیز ہو اور وزیراعظم کی ہدایات اور حکومتی پالیسیوں کا مؤثرنفاذ یقینی، بروقت اور معیاری بنایا جا سکے ۔مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی جدید ترین ٹریکنگ اور فیصلہ سازی کے نظام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ٹریکنگ اور فیصلہ سازی کے نظام پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی اور کہا کہ آج کے بعد کوئی روایتی فائل نظام نہیں ہوگا، عوامی فلاح و بہبود اور خدمت کو یقینی بنانے کیلئے اس نظام کا مکمل نفاذ یقینی بنایا جائے ۔ وزیراعظم نے اس نظام کی تیاری اور فعالیت کے لئے وفاقی وزرا احد خان چیمہ، شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ حکام کی تعریف کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام وزارتیں اس نظام کو اختیار کرتے ہوئے اس کے تحت امور سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ اب روایتی انداز میں فائلیں لے کر گھومنے کی ضرورت نہیں، تمام امور اس جدید نظام کے ذریعے نمٹائے جائیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر احد خان چیمہ نے کہا کہ جدید طرز حکمرانی کے لئے مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا پر مبنی نظام فعال کر دیا گیا ہے ، یہ جدید نظام حکومتی فیصلوں میں شفافیت اور بروقت اقدامات کے حوالے سے انتہائی اہم ہے ،پرانے نظام میں تمام تقاضے پورے نہیں ہوتے تھے اور آؤٹ پٹ سے مکمل استفادہ نہیں کیا جا سکتا تھا، اس لئے ان خامیوں کو دور کرتے ہوئے یہ جدید نظام متعارف کرایا گیا ہے ۔ وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا وزیراعظم شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ ماضی میں ڈیجیٹائزیشن کا آغاز کیا تھا جس کے بعد اب ہم ڈیجیٹل سے اے آئی کی طرف گامزن ہیں اور تمام شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لا رہے ہیں۔ وزیراعظم کو اس جدید نظام کے بارے میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ‘‘وزیراعظم آفس سسٹم’’ (پی ایم او ایس)پاکستان کا پہلا مصنوعی ذہانت سے چلنے والا نظام ہے ، یہ وزیراعظم آفس کا سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد وزیراعظم کے احکامات جاری ہونے سے لے کر ان پر عملدرآمد، ان کی تکمیل اور تکمیل کے بعد نگرانی تک تمام امور کی انجام دہی کا خودکار نظام متعارف کرانا ہے۔
دریں اثنا شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے ملاقات کی ،وزیراعظم نے امجد حسین کو وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے نو منتخب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پر عزم ہے ۔وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی فلاح و بہبود کے لیے قابل تجدید توانائی، سیاحت، انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اقدامات لے رہی ہے ۔وزیراعظم نے کہاکہ وفاقی حکومت کے منصوبوں میں 100 میگاواٹ کا شمسی توانائی اور دانش سکولوں کے قیام کے منصوبے سر فہرست ہیں۔وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی سہولت کیلئے گلگت میں پاکستان آسان خدمت سینٹر بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments