نوازشریف وزیراعظم آزاد کشمیر بننے کے خواہشمند : ن لیگ کو کامیاب کیا تو آزاد کشمیر کی قسمت بدل جائیگی : مریم
میری حکومت رہتی تو ملک آگے نکل جاتا ، بعد کی حکومتوں نے ترقی کا سفر روکا :صدر ن لیگ جنکے صوبوں میں سڑکیں ٹوٹی ،کرپشن ہے وہ کیسے آزاد کشمیر کے مسائل حل کرینگے :وزیر اعلیٰ ،جلسے سے خطاب
مظفرآباد (بیورو رپورٹ)قائد مسلم لیگ(ن) میاں نوازشریف نے کہا کہ میرا دل چاہتا ہے کہ شہباز شریف سے کہوں مجھے آزاد کشمیر کا وزیراعظم بنا دیں، مظفرآباد کے خورشید حسن خورشید سٹیڈیم میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا بڑے عرصے بعد آپ کے پاس آیا ہوں، مظفرآباد کے عوام سے بے حد محبت ہے اور آزاد کشمیر میرا دوسرا گھر ہے ،آزاد کشمیر اور پنجاب میں کوئی فرق نہیں، دونوں میرے اپنے ہیں، خواہش ہے کہ آزاد کشمیر پاکستان کے دیگر شہروں سے زیادہ ترقی یافتہ بنے ۔ قائد ن لیگ نے کہا آپ جانتے ہیں کہ جو وعدہ کرتا ہوں اسے پورا کرتا ہوں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر وزیراعظم نہ بھی بن سکا تو ہر تین ماہ بعد آزاد کشمیر کا دورہ کر وں گا تاکہ دیکھ سکوں انتخابی منشور پر عملدرآمد ہو رہا ہے یا نہیں۔ نوازشریف نے کہا اگر میری حکومت برقرار رہتی تو ملک بہت آگے نکل چکا ہوتا، لیکن میرے بعد آنے والی حکومتوں نے نہ صرف ترقی کا سفر روک دیا بلکہ پاکستان کو تباہ و برباد کر دیا، اگر دوبارہ موقع ملا تو ہم آئیں گے اور ساری کسریں نکال دیں گے ۔قائد ن لیگ نے کہا ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ انتخابات میں کامیابی کس کے حصے میں آئے گی، تاہم میری خواہش ہے کہ مظفرآباد ترقی کے میدان میں تمام شہروں سے آگے نکل جائے۔
انہوں نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا میرا دل چاہتا ہے کہ شہباز شریف سے کہوں مجھے آزاد کشمیر کا وزیراعظم بنا دیں، آپ نے نواز شریف کو آزاد کشمیر کا وزیراعظم بنانا ہے ۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ مذاق کر رہا ہوں، اس جملے پر جلسہ گاہ قہقہوں اور تا لیوں سے گونج اٹھا۔ جلسے کے آغاز میں انہوں نے سٹیج کے انتظامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا یار بہت ہی نکما کام کیا ہے ۔ آخر میں انہوں نے مظفرآباد کیلئے 10 گرین الیکٹرک بسوں، 15 کلینک آن ویلز، راشن کارڈ، رحمت کارڈ اور خصوصی افراد کیلئے ہمت کارڈمتعارف کرانے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب کا ترقیاتی ماڈل آزاد کشمیر میں بھی نافذ کیا جائے گا ،نواز شریف کی طرح جو وعدہ کروں گی، اسے پورا کروں گی۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن)یہاں صرف ووٹ مانگنے نہیں آئی بلکہ عوام کی خدمت کا عملی ریکارڈ لے کر آئی ہے ، اگر آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو منتخب کیا تو خطے کی تقدیر بدل جائے گی۔ انہوں نے کہا پنجاب کے چپے چپے پر ترقی نظر آتی ہے ، صوبے کی حدود ختم ہوتے ہی سڑکیں اور ترقی بھی ختم ہو جاتی ہے ۔مریم نواز نے کہا نواز شریف کے دور میں لاہور اور ملتان سمیت دیگر شہروں میں ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے اور پنجاب آج پورے ملک کیلئے ترقی کی مثال بن چکا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ آزاد کشمیر کیلئے 10 گرین الیکٹرک بسیں تحفے کے طور پر لائی ہوں جبکہ 15 موبائل ہسپتال بھی عوام کو صحت کی سہولتیں فراہم کریں گے ۔ کشمیری بچوں کو مفت تعلیم، معذور افراد کو ہمت کارڈ، غریب خواتین کو مفت راشن اور عوام کو دیگر فلاحی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی،انہوں نے آزاد کشمیر کیلئے 5 ہزار لیپ ٹاپ اور 2ہزار ہنر مند سکالرشپس کا بھی اعلان کیا۔ مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب میں7لاکھ مریضوں کو ان کے گھروں کی دہلیز پر ادویات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ مریم نواز کو بتائیں ایپ کے ذریعے عوام کے مسائل 24 گھنٹوں کے اندر حل کئے جا رہے ہیں،انہوں نے دھی رانی پروگرام کا بھی ذکر کیا، جس کے تحت ہزاروں مستحق بچیوں کی شادیاں کروائی جا رہی ہیں۔انہوں نے عمران خان اور بلاول بھٹو زرداری کا نام لئے بغیر ان پر تنقید کی کہ ایک نے سال 2021 میں ہمارا الیکشن چوری کیا جبکہ دوسرے کی آزاد کشمیر میں حکومت ہے اور خود ان کے صوبوں کی سڑکیں ٹوٹی ہیں، وہ آزاد کشمیر میں کیا سڑکیں بنا ئیں گے ،کیا مسائل حل کرینگے ۔ جن کے صوبوں میں سارے وسائل کرپشن کی نذر ہو رہے ہیں وہ آزاد کشمیر میں کیا ترقیاتی کام کریں گے ،آزاد کشمیر کے لوگو ووٹ سوچ سمجھ کر دینا کیونکہ یہ آپ کی سیاسی تقدیر کا فیصلہ ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments