ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر فیلڈ میں رہیں، دریائوں،نہروں، نالوں کی مانیٹرنگ کریں : مریم نواز

ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر فیلڈ میں رہیں، دریائوں،نہروں، نالوں کی مانیٹرنگ کریں : مریم نواز

شہری مون سون،سیلابی صورتحال میں نہروں، دریاؤں،برساتی نالوں میں نہانے کا خطرہ مول نہ لیں کمزور چھتوں،عمارتوں کے مکینوں کو ازخود انخلا کی ہدایت،دیہی خواتین کیلئے مفت مویشی پروگرام کاآغاز

لاہور(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مون سون اور سیلابی صورتحال میں نہروں، دریاؤں اور برساتی نالوں کے قریب نہ جائیں اور نہانے کا خطرہ مول نہ لیں،ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیراپنا ئیں اور والدین بچوں کو سیلابی ریلوں اور نہروں میں نہانے سے روکیں ،انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ایسی عمارتوں اور گھروں سے دور رہیں جن کی چھت گرنے کا خطرہ ہو، انہوں نے کمزور چھتوں، دیواروں اور خستہ حال عمارتوں کے مکینوں سے از خود انخلا کی بھی اپیل کی،مریم نواز نے بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پراظہارافسوس کیا اور متاثرہ خاندانوں کے بارش سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرنے کی بھی ہدایت کی،وزیراعلیٰ نے برساتی نالوں، نشیبی علاقوں،دریاؤں اور نہروں کے گرد حفاظی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی ، صوبے بھر میں بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے سوگوارخاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر متعلقہ اداروں کو خستہ حال عمارتوں کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی اور دریاؤں، نہروں اور سیلابی نالوں کی مانیٹرنگ یقینی بنانے کا حکم دیا،انہوں نے گلیوں، بازاروں، سڑکوں اور بالخصوص انڈرپاسز سے بارشی پانی کے فوری نکاس کو یقینی بنانے کا حکم دیا اور صوبے بھر میں کمشنر، ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر متعلقہ افسروں کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے بارشوں کے دوران ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ تمام شہروں میں انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے بارشوں کے دوران پوری مستعدی کیساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بارش کے دوران فرائض سرانجام دینے والے ہر افسر اور اہلکار کو سلام پیش کرتی ہوں،دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے 41 اضلاع میں واسا کے قیام، ایک ہزار سے زائد مشینری جیسے اقدامات کی بدولت پنجاب کے شدید بارش سے متاثرہ علاقوں میں ہفتوں کے بجائے چند گھنٹوں میں بارشی پانی صاف کردیا گیا،ضلع گجرات کے شہریوں نے وزیراعلیٰ کو شدید بارش کی وجہ سے جمع پانی کے تین گھنٹے میں نکاسی آب مکمل ہونے پر خراج تحسین پیش کیا ،ادھر پی ڈی ایم اے پنجاب کی مون سون فلڈ کی صورتحال بارے فیکٹ شیٹ بھی جاری کر دی گئی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشیں ریکارڈ کی گئیں، ریکارڈ بارشوں کے باوجود کم سے کم وقت میں نکاسی آب کو یقینی بنایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں میں حادثات کے باعث 17 شہری جاں بحق اور 107 زخمی ہوئے ۔ کچی و بوسیدہ عمارتیں گرنے سے 12، آسمانی بجلی سے 2 اور کرنٹ لگنے سے 3 امواتیں ہوئیں جبکہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت دیہی خواتین کو معاشی خودمختار بنانے کے لئے مفت مویشی پروگرام کاآغاز کر دیا گیا ہے ، دیہی خواتین کو مفت مویشی کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے ، پہلے مرحلے میں پنجاب کے 13 اضلاع میں دیہی خواتین کومویشی دئیے جائیں گے ،ملتان، رحیم یارخان، تونسہ، بہاولنگر، خانیوال، وہاڑی اور لودھراں میں دیہی خواتین میں مفت مویشی تقسیم کیے جائیں گے ، مفت جانوروں کی تقسیم میں ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ، راجن پور،لیہ، کوٹ ادو اور بہاولپور بھی شامل ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ دیہی خواتین کو معاشی دھارے میں لاکر ہی غربت جیسے چیلنج سے نمٹاجاسکتا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...