سی سی ڈی شیخوپورہ کا کانسٹیبل ساغر ملزموں کی فائرنگ سے شہید
شہدا پوری فورس کا فخر ،جرائم کے خاتمے کی جدوجہد جاری رہے گی:سی سی ڈی حکام پنجاب پولیس دکھ کی گھڑی میں شہید کے اہلِ خانہ کیساتھ کھڑی :آئی جی عبدالکریم
لاہور (کرائم رپورٹر) سی سی ڈی شیخوپورہ کا کانسٹیبل ساغر خفیہ اطلاع پر خطرناک جرائم پیشہ گروہ کی ریکی کے دوران ملزموں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر شہید ہوگیا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کانسٹیبل ساغر کو شدید زخمی حالت میں فوری طور پر شیخوپورہ کے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔ ترجمان سی سی ڈی کے مطابق شہید کانسٹیبل ساغر ایک نڈر، فرض شناس اور پیشہ ور اہلکار تھے ، جنہوں نے دورانِ ڈیوٹی اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے بہادری کی نئی مثال قائم کی۔ سی سی ڈی کے شہدا پوری فورس کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ جرائم کے مکمل خاتمے تک سی سی ڈی کی جدوجہد اسی عزم اور جذبے کے ساتھ جاری رہے گی۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہید کانسٹیبل ساغر کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری پنجاب پولیس دکھ کی اس گھڑی میں شہید کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے ۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ شہید کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments