ن لیگ کی نااہلی اور کرپشن نے پنجاب کو ڈبو دیا:پیپلزپارٹی

 ن لیگ کی نااہلی اور کرپشن نے پنجاب کو ڈبو دیا:پیپلزپارٹی

ایک دن کی بارش نے حکومت کی کارکردگی بے نقاب کر دی:ندیم افضل چن ستھرا پنجاب فراڈ ، گندم سکینڈل بھی سامنے آئیگا:وزیراعلیٰ کی تقریرپرردعمل

 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی ندیم افضل چن نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی تقریر پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ کی نااہلی اور کرپشن نے صوبے کو ڈبو دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج پنجاب کی حالت چیخ چیخ کر بتا رہی ہے کہ ‘‘ستھرا پنجاب’’ صرف ایک نعرہ تھا، جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے ۔ ایک دن کی بارش نے پورے پنجاب میں ترقی کے دعوؤں کا پول کھول دیا۔ سڑکیں تالاب بن گئیں اور عوام گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔

انہوں نے گوجرانوالہ اور لیہ کی صورتحال کو قابلِ رحم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں شہروں میں بارش کے بعد گلیاں اور بازار ندی نالوں کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ ‘‘ستھرا پنجاب’’ ایک فراڈ ثابت ہوا ہے۔ اربوں روپے کے اشتہارات اور بلند و بانگ دعوے کیے گئے ، مگر زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ پنجاب حکومت کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے ، ترقیاتی فنڈز میں لوٹ مار اور کمیشن کا نظام عروج پر ہے ، جبکہ عوام بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔ ن لیگ نے عوام سے صرف جھوٹے وعدے کیے ہیں اور بہت جلد گندم کا سکینڈل بھی عوام کے سامنے آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام مزید دھوکا برداشت نہیں کریں گے ، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور اس حکومت کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...