نوازشریف پوری قوم کے ترجمان
راولپنڈی(اے پی پی)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چودھری نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کی سیاست کا محور قومی یکجہتی، عوامی خدمت اور جمہوری اقدار کا فروغ ہے اس لیے ان کے بیانات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنا مناسب نہیں۔
بیرسٹر دانیال چودھری نے اپنے ردعمل میں کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا ہر خطاب پوری قوم کی ترجمانی کرتا ہے ، کسی صوبے ، شہر یا علاقے کی تضحیک ان کی سیاست کا حصہ نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سندھ، کشمیر اور ملک کے تمام حصوں کے عوام کا یکساں احترام کرتی ہے اور باہمی احترام، برداشت اور قومی ہم آہنگی ہی جماعت کی سیاست کا بنیادی اصول ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں تلخی پیدا کرنے والے وہ عناصر ہیں جو ہر بیان کو تنازعے کا رنگ دینے کی کوشش کرتے ہیں جبکہ نواز شریف نے ہمیشہ مفاہمت، اتحاد اور جمہوری روایات کے فروغ کی بات کی۔ بیرسٹر دانیال چودھری نے کہا کہ ووٹ کی عزت کا سبق مسلم لیگ (ن) کو دینے کی ضرورت نہیں کیونکہ عوام تین مرتبہ نواز شریف کو ملک کا وزیراعظم منتخب کر چکے ہیں اور عوامی مینڈیٹ ہی جمہوریت کی اصل بنیاد ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments