نہروں کی منظوری دینے والے احتجاج کا ڈرامہ کر رہے ، صدرالدین شاہ
کراچی (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (فنکشنل) سندھ کے صدر سید صدرالدین شاہ راشدی نے ضلعی عہدیداروں کو ہدایت کی ہے کہ 15ستمبر تک تحصیل، یونین کونسل اور وارڈ کی سطح تک پارٹی کی تنظیم سازی ہر صورت مکمل کی جائے۔۔۔
آئندہ عام انتخابات اور بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کی جائے، ہر حلقے میں مضبوط، متحرک اور عوامی امیدوار سامنے لائے جائیں گے، ستمبر کے دوران سندھ بھر کے تمام اضلاع کا تنظیمی دورہ کیا جائے گا، جبکہ ضلعی سطح پر ورکرز کنونشنز اور تنظیمی اجلاس منعقد کرکے پارٹی کو نچلی سطح تک مزید فعال اور منظم بنایا جائے گا۔ انہوں نے سندھ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بدترین نااہلی، کرپشن اور رشوت ستانی نے سندھ کے تمام شعبوں کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ، نااہل حکمرانوں نے صوبے کی زرخیز زمینوں کو بنجر بنا دیا ہے ، سندھ کو دریائے سندھ سے اس کا آئینی اور قانونی حصہ نہیں دیا جا رہا، جبکہ وفاق اور سندھ میں برسرِاقتدار حکمران عوامی مسائل کے حل میں یکساں طور پر ناکام ثابت ہوئے ہیں، حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت کمر توڑ مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ کے تنظیمی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں صوبائی جنرل سیکریٹری سردار عبدالرحیم، صوبائی رہنما اسماعیل شاہ، سید شفقت شاہ، وقار جٹ، جسٹس (ر) آفتاب گرڑ، و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی کی تنظیم سازی، آئندہ عام انتخابات اور بلدیاتی انتخابات کی حکمت عملی، عوامی رابطہ مہم اور سندھ کو درپیش سیاسی، معاشی اور عوامی مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ صدرالدین شاہ راشدی نے کہا کہ لوکل باڈیز کے انتخابات میں مضبوط تیاری اور واضح حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا، آدھا تیتر آدھا بٹیر کی پالیسی نہیں چلے گی، سیاست صرف نعروں سے نہیں بلکہ عوامی اعتماد اور ووٹ کی طاقت سے چلتی ہے ، اس لیے کارکن اپنے اپنے علاقوں میں عوام سے مسلسل رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی کردار ادا کریں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جن لوگوں نے دریائے سندھ پر نئی نہروں کی منظوری دی، وہی آج عوام کو گمراہ کرنے کے لیے احتجاج کا ڈرامہ کر رہے ہیں،عوام اب ان کی فنکاریاں اور اداکاریاں اچھی طرح سمجھ چکے ہیں، اس لیے یہ نورا کشتی مزید نہیں چلے گی۔اجلاس کے دوران ٹنڈو محمد خان کی معروف سیاسی و سماجی شخصیات پیر احمد سعید جان سرہندی، پیر عاصم جان سرہندی سمیت دیگر نے فنکشنل لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ صدرالدین شاہ نے تمام نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کو خوش آمدید کہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments