آزاد کشمیر الیکشن،متحدہ کا اپنے امیدوار دستبردار کرنے کا اعلان
بہادرآباد میں وفد سے ملاقات میں مسلم لیگ ن کی حمایت، 3 مطالبات رکھ دیے گورنر سندھ ایم کیوایم کا ہونا چاہیے ، ڈاکٹرفاروق ستار کی بشیر میمن و دیگر سے گفتگو
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) آزاد کشمیر انتخابات میں ایم کیوایم پاکستان نے مسلم لیگ ن کی حمایت اور امیدواروں کو دستبردار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے 3 مطالبات رکھ دیے ۔مسلم لیگ ن کے وفد نے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن کر رہے تھے ۔ وفد میں وفاقی وزیر کھیئل داس کوہستانی اور امیدوار نعیم الحق بھی شامل تھے ۔ وفد نے ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، امین الحق، شبیر قائم خانی سمیت دیگر قیادت سے ملاقات کی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کا وفد بہادرآباد تشریف لایا، ہم ان کی آمد پر مشکور ہیں، آزاد کشمیر میں انتخابات کی گہما گہمی ہے اور ایم کیو ایم نے بھی اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔
انہوں نے کہا 2024 کے انتخابات سے قبل ہم مسلم لیگ ن کے ساتھ کھڑے ہوئے تھے ، ان کے اتحادی ہیں اور آپس میں ہمارا اشتراک عمل ہے ، اگر آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کے ساتھ اپنی طاقت کو جوڑ دیں تو مشترکہ امیدوار کا جیتنا ممکن ہو سکے گا۔فاروق ستار نے کہا ایم کیو ایم اپنے تمام امیدوار مسلم ن کے حق میں دستبردار کرتی ہے ، لیکن ہمارے 3 مطالبات ہیں، ہم نے بلدیاتی آئینی ترمیم کا مطالبہ دوبارہ ان کے سامنے رکھا ہے جس پر مسلم لیگ ن نے اس بل کو اسمبلی میں لانے پر اتفاق کیا ہے ۔انہوں نے کہا پی ڈی ایم ون اور ٹو میں گورنر شپ ہماری تھی، سندھ کے شہری علاقوں میں ہماری اکثریت ہے لہذا گورنر سندھ ایم کیوایم کا ہونا چاہیے ، ہمارا مینڈیٹ ہے اور آزاد کشمیر میں حکومت سازی میں ہماری شراکت داری ہونی چاہیے ۔
فاروق ستار نے کہا امید ہے بشیر میمن ہمارے ان مطالبات کو سامنے رکھیں گے ۔فاروق ستار نے شکوہ کیا کہ ان کا پیش کردہ آئینی ترمیمی بل ستائیسویں ترمیم میں شامل نہیں کیا گیا، تاہم کھیئل داس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایم کیو ایم کے یہ بل اسمبلی کے فلور پر لائے جائیں گے اور ترمیم کے دوران منظور کرائے جائیں گے ۔بشیر میمن نے کہا گورنر ہمارا ہو یا ان کا فرق کیا پڑتا ہے ، مشکل وقت میں ہم ایم کیو ایم کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، میرا ایم کیو ایم سے یہ گلہ رہتا ہے کہ وہ صرف کراچی کی بات کرتی ہے ۔انہوں نے کہا ان شائاللہ آزاد کشمیر انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے ۔ بشیر میمن نے مزید کہا وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا ایک بڑا کردار تیسری عالمی جنگ رکوانے میں ہے ، ہم ہر ایک سے ملنے کو تیار ہیں،موجودہ گورنر ہم سب کے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments