پیپلز پارٹی الیکشن میں سنجیدہ ہوتی تو بلاول نہ بھاگتے :عظمیٰ بخاری

پیپلز پارٹی الیکشن میں سنجیدہ ہوتی تو بلاول نہ بھاگتے :عظمیٰ بخاری

کیا ان کے پاس بتانے کیلئے اپنی 17 سالہ صوبائی حکومت کی کارکردگی نہیں ؟ سالگرہ پر لاہور میں خالی کرسیوں کا جلسہ زرداری کی توہین :وزیراطلاعات

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے الیکشن میں سنجیدہ ہوتی تو بلاول اپنے شیڈول جلسے کینسل کر کے نہ بھاگتے ۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کے بیان پر رد عمل میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ہر رہنما نے قسم کھائی ہے جہاں جانا ہے مسلم لیگ (ن)پر ہی تنقید کرنی ہے ۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا پیپلزپارٹی کی قیادت کے پاس بتانے کو اپنی سترہ سال کی صوبائی حکومت کی کارکردگی نہیں ؟، پیپلز پارٹی کے رہنما کشمیریوں کو الیکٹرک بسیں اور کلینک آن وہیلز ملنے پر اتنا غصہ کیوں کر رہے ہیں؟،پیپلز پارٹی 17 سال میں سندھ کو ٹرانسپورٹ سسٹم نہیں دے سکی، مریم نواز نے 18 ماہ میں  پورے صوبے میں الیکٹرک بسیں چلا دی ہیں۔

بلوچستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے بچوں کو لیپ ٹاپ اور سکالرشپ دئیے ، پنجاب اور آزاد کشمیر کے لوگوں کو ریلیف ملنے پر آپ تنقید شروع کردیتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کا مسئلہ کیا ہے ہمیں ایک ہی بار بتا دیں۔ ایک اور بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آصف زرداری کو انکی سالگرہ مبارک ہو، شکر کریں مینار پاکستان میں جلسے کی خفت سے نجات مل گئی،پیپلز پارٹی کی طرف سے زرداری کی سالگرہ پر لاہور میں خالی کرسیوں کا جلسہ کرنا زرداری کی توہین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سے پیوستہ رات گورنر ہاؤس پنجاب میں خالی کرسیوں کا جم غفیر تھا، کرسیاں دو ہزار اور جلسے میں بندے ڈیڑھ سو تھے ، یہ لوگ جتنی توجہ پنجاب حکومت پر مرکوز رکھتے ہیں اتنی اپنی پارٹی پر توجہ دیتے تو آج پنجاب میں پیپلز پارٹی کا یہ حال نہ ہوتا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...