بھارت کے دھمکی آمیزبیانات مقبوضہ کشمیر کی حیثیت نہیں بدل سکتے:وزیر دفاع
جنوبی ایشیا میں بھارت دہشت گردی کا سہولت کار ،پاکستان امن کیلئے پرعزم،امتحان ہرگزنہ لیا جائے :خواجہ آصف بھارتی وزیرِ دفاع کا بیان مسترد ، اقوامِ متحدہ ، عالمی برادری مسلسل اشتعال انگیز رویے کا نوٹس لے ،ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد (دنیا رپورٹ )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کی جانب سے دھونس اور دھمکی پر مبنی بیان بازی کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ قانونی حقائق کو مسخ کرنے کی مسلسل کوششیں حقائق کو نہیں بدل سکتیں ، یہ بیانات نہ تو بھارت کے زیرِ قبضہ جموںو کشمیر کی حیثیت کو بدل سکتے ہیں اور نہ ہی علاقائی امن، استحکام یا معنی خیز مذاکرات میں کوئی معاونت فراہم کرتے ہیں ،جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متناز عہ علاقہ ہے ، جس کا حتمی فیصلہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق ہونا ہے ، وزیر دفاع نے ٹویٹ میں کہاکہ پاکستان بھارتی وزیرِ دفاع کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کو قطعی طور پر مسترد کرتا ہے ۔ ایسے بیانات کشمیر پر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ قانونی حقائق کو مسخ کرنے کی ایک اور کوشش کی عکاسی کرتے ہیں ، حقیقت یہ ہے کہ بھارت جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سہولت کار اور عدم استحکام کا ذمہ دار ہے ، جس نے خطے کو اپنے جارحانہ اور توسیع پسندانہ عزائم کا یرغمال بنا رکھا ہے ،اسی طرح بھارت کی غیر ذمہ دارانہ بیان بازی خطے میں بین الریاستی تصادم کے خدشات کو بڑھا رہی ہے ، پاکستان امن اور مذاکرات کے لیے پرعزم ہے ، لیکن اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے اس کا عزم حتمی ہے اور اس کا امتحان ہرگز نہیں لیا جانا چاہیے ۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے بھی بھارتی وزیرِ دفاع کے جموں و کشمیر سے متعلق حالیہ بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے انتہائی اشتعال انگیز، غیر ذمہ دارانہ اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں کہا کہ پاکستان بھارتی وزیرِ دفاع کے بیانات کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے ۔ یہ بیان اقوامِ متحدہ اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ جموں و کشمیر تنازع کے حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش ہے جبکہ کشمیر کا مسئلہ آج بھی اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے ۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی وزیرِ دفاع کا بیان اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بھارتی حکومت خطے کے امن و استحکام اور عالمی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ ایسے بیانات کا مقصد بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں جاری اقدامات، خطے میں دہشت گردی کی سرپرستی اور بھارت کے اندرونی عدم استحکام سے عالمی توجہ ہٹانا ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے غیر متزلزل عزم رکھتا ہے ، جس کا مظاہرہ پاکستانی قوم اور بہادر مسلح افواج نے آپریشن بنیان مر صوص کے دوران کیا۔ترجمان نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے مسلسل غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز رویے کا نوٹس لے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments