باغبانپورہ : 3 منزلہ مکان کی چھت کے ملبے تلے دبے 11 افراد جاں بحق، 6 زخمی
گھر میں 3بھائی اہلخانہ کے ہمراہ رہائش پذیر تھے ، بدھ کی رات گئے بچے کی سالگرہ تقریب کے دوران چھت گر گئی مرنیوالوں میں 3بچے بھی شامل ،ریسکیو آپریشن 17 گھنٹوں بعد مکمل ، زخمی ہسپتال منتقل،وزیراعلیٰ کا اظہارافسوس
لاہور(کرائم رپورٹر،دنیا نیوز،آئی این پی)لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں بدھ کی رات گئے خستہ حال 3منزلہ مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دبے ایک ہی خاندان کے 4 بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق ، 6 افراد زخمی ہوگئے ، چھت مٹی اور ٹی آر گارڈر سے بنی ہوئی تھی،گھر میں ایک بچے کی سالگرہ تقریب ہو رہی تھی کہ اسی دوران چھت ان پر آن گری۔ریسکیو حکام کے مطابق بدھ کی رات سکھ نہر کے قریب بھٹہ محمد دین کالونی میں 3منزلہ مکان کی چھت منہدم ہونے سے گھر میں موجود 17 افراد ملبے تلے دب گئے۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے ملبے سے 72 سالہ نسیم بی بی ، 60 سالہ شاہدہ شاہد، 52 سالہ ثمینہ عباس، 25 سالہ احد شاہد ، 24 سالہ کومل عباس، 22 سالہ مجاہد علی عباس ، 16 سالہ عائشہ صابر، 14 سالہ مہک صابر، 10 سالہ حسنین شاہد ،7سالہ حمادعباس اور نیلم عباس کی لاشیں نکال لیں جبکہ 46 سالہ شبیر ، 35 سالہ زاہد، 23 سالہ ناصر، 19 سالہ سینہا شاہد، 14 سالہ سحر شاہد علی ، شاہد معراج کو زخمی حالت میں ملبے سے نکال کر سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ڈی سی لاہور اور دیگر انتظامی افسر بھی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کرتے رہے ، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے باغبانپورہ ریسکیو آپریشن کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ کی مانیٹرنگ کی ، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کا مشترکہ آپریشن 17 گھنٹوں تک جاری رہا ۔پولیس کے مطابق واقعہ رات 10 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا ، 3 منزلہ مکان میں 3 خاندان رہائش پذیر تھے ۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ واقعے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ۔
مریم نواز شریف نے زخمیوں کے بہترین علاج کی ہدایت کی اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر جاں بحق افراد کی تجہیز وتکفین کے انتظامات کیے گئے جبکہ احتیاطی تدابیر کے طور پر علاقے کو بند کرکے ملحقہ گھر خالی کرالیے گئے ۔ ذرائع کے مطابق زمین بوس ہونے والے مکان میں 3بھائی اپنے اہلخانہ کے ہمراہ تین منزلوں پر رہائش پذیر تھے ، ان کی بہن بھی بچوں کے ہمراہ رہنے آئی ہوئی تھی ۔دریں اثنا جاں بحق 11 افراد کی بعدازنماز عشا نماز جنازہ ادا کر دی گئی،نماز جنازہ کے بعد متوفین کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments