بھوانہ :پسند کی شادی پر فوجی جوان مبینہ طور پر قتل
احسان اللہ نے بشریٰ سے پسند کی شادی کی جس کا اسکے گھر والوں کو رنج تھا فیصل، اختر، ثمر اور دیگر نے احسان اللہ کو اغوا کر کے چھری سے قتل کیا:الزام
بھوانہ(نمائندہ دنیا)پسند کی شادی کرنے پر حاضر سروس فوجی جوان کو مبینہ طور پر اغوا کے بعد چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔ تھانہ بھوانہ کے نواحی گاؤں ٹھٹھہ محمد شاہ میں غیرت کے نام پر قتل کی لرزہ خیز واردات پیش آئی۔پولیس کے مطابق احسان اللہ ولد ممند قوم میکن نے فیصل کی بہن بشریٰ سے پسند کی شادی کی تھی، جس کا مبینہ طور پر لڑکی کے اہل خانہ کو رنج تھا۔ الزام ہے کہ فیصل، اختر، ثمر اور دیگر ملز موں نے احسان اللہ کو اغوا کرنے کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا اور اس پر چھریوں کے وار کیے ،
جس سے وہ جاں بحق ہو گیا۔ احسان اللہ چھٹی پر گھر آیا ہوا تھا۔پولیس کے اعلیٰ افسر اور تھانہ بھوانہ کی نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا۔پولیس نے مقتول کے بھائی عصمت اللہ کی مدعیت میں 6 نامزد اور 2 نامعلوم افراد کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ پولیس کے مطابق ملزموں کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments