دہشتگردی منصوبہ بندی:کالعدم تنظیم کے 3مجرموں کو قید و جرمانہ
اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے)انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے دہشتگردی کی منصوبہ بندی میں ملوث کالعدم تنظیم کے تین ملزمان حسن محمد، سلمان خان اور دانش کو جرم ثابت ہونے پر 7، 7 سال قید کے ساتھ پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
جج طاہر عباس سپرا نے تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، الیکٹرک ڈیٹونیٹر اور سیفٹی وائرز، سات سلنڈر، نٹ، بولٹس، بال بیرنگ، کیلیں اور بغیر لائسنس تیس بور پستول، کالعدم تنظیم طالبان کے جھنڈے ، جعلی شناختی کارڈز اور نقشے ، ایسے کارڈز بھی برآمد ہوئے جن سے وہ خود کو خیبر پختونخوا پولیس کے افسر ظاہر کرتے تھے ، ملزمان سے برآمد دھماکا خیز مواد نشاندہی کرتا ہے کہ ان کی نیت نقصان پہنچانے کی تھی، ملزمان نے کالعدم تنظیم کے ساتھ اپنے تعلقات کا بھی اعتراف کیا، ملزمان اپنے خلاف غلط نامزدگی کے دعوے ثابت نہیں کر سکے ۔ رواں سال اپریل میں خفیہ اطلاع پر تینوں ملزمان کو مویشی منڈی سنگجانی کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments