بیشتر علاقوں میں آج بارش ،سیلابی پانی میں ڈوب کر بچی جاں بحق

 بیشتر علاقوں میں آج بارش ،سیلابی پانی میں ڈوب کر بچی جاں بحق

لاہور، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں نشیبی علاقے زیرآب آنے کا اندیشہ شکر گڑھ ،راولپنڈی کے نالوں میں ڈوبنے والے 2افراد کی لاشیں برآمد

لاہور،شیخوپورہ ،مریدکے ،کالاشاہ کاکو (نیوز ایجنسیاں،نمائندگان دنیا )ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسلادھاربارش کا امکان، لاہور، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں نشیبی علاقے زیرآب آنے کا اندیشہ،پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے ،دوسری طرف مریدکے میں 6 سالہ بچی سیلابی پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئی،پنجاب میں بارشوں کا یہ سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ آج ہفتہ کو لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں بارشوں کی توقع ہے ،جس سے نشیبی علاقے زیرآب آنے کا اندیشہ ہے ، اس دوران بالائی خیبر پختونخوا ،مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی سندھ، پنجاب، اسلام آباد،کشمیر اورگلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ ادھر مریدکے کے نواحی گاؤں چوڑا راجپوتاں میں 6سالہ بچی جنت فاطمہ گھر سے باہر نکلی تو پاؤں پھسلنے پر سیلابی پانی میں گر کر بہہ گئی۔ اہل خانہ نے اپنی مدد آپ کے تحت دو گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد بچی کی لاش پانی سے نکال لی ، تحصیل شکر گڑھ کے علاقہ چک امرو میں نالہ بسنتر میں ایک روز قبل ڈوبنے والے نوجوان حبیب جمال کی لاش بر آمد کرلی گئی جبکہ راولپنڈی میں بھی جمعہ کے روز مصریال روڈ کے علاقے فرینڈز کالونی کے برساتی نالے میں گرنے والے 12سالہ بچے ابو بکر کی لاش گوالمنڈی پل کے قریب سے مل گئی ۔

ادھر بھارت نے مسلسل گیارہویں مرتبہ سلال ڈیم سے پانی چھوڑ دیا ہے جس کے بعد دریائے چناب میں سیلاب بارے فلڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ، بھارت سے تقریبا ً 90 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ پاکستان پہنچنے کا امکان ہے جبکہ دریائے سندھ میں طغیانی سے سیہون کے دیہات زیر آب آ گئے تاہم دریائے سندھ میں سکھر بیراج پردرمیانے ،کالا باغ، چشمہ اور گڈو بیراج پر نچلے درجے ، راوی میں ہیڈ بلوکی پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے ،وزیر آباد نالہ پلکھو میں بھی درمیانے درجے ،نار ووال نالہ بسنتر اور نالہ بئین میں نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ تربیلاڈیم 89 فیصد ،منگلا ڈیم 57 فیصد بھر چکا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...