خیرات کی سیٹوں پر بیٹھے لوگ ہم پر تنقید کر رہے ،سعید غنی

 خیرات کی سیٹوں پر بیٹھے لوگ ہم پر تنقید کر رہے ،سعید غنی

بچے بچے کو پتہ ہے نواز شریف، شہباز شریف، مریم کو دھاندلی کے ذریعے جتوایا گیا کوئی ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالے گا تو بولیں گے ،آج تک دھاندلی سے اقتدار نہیں لیا

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک، خبر ایجنسیاں) صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ پنجاب میں اسپتالوں کی تعمیر خوش آئند ہے ، تاہم سندھ میں ہونے والے ترقیاتی کاموں سے لاعلمی کی بنیاد پر تنقید درست نہیں۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ پنجاب کے دو وزرا نے سندھ میں کام نہ ہونے کی بات کی، انہیں سندھ آنے کی دعوت دیتے ہیں، وہ آئیں، یہاں کے منصوبے اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیں ۔ان کا کہنا تھا این آئی سی وی ڈی، ایس آئی یو ٹی اور گمبٹ کے ادارے ملک بھر کے مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں مریض سندھ کے ان اداروں سے علاج کرا رہے ہیں۔ترقیاتی بجٹ، ٹیکس وصولیوں اور ماحولیاتی منصوبوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ سندھ نے مختلف شعبوں میں اہم اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے کہا بچے بچے کو پتہ ہے الیکشن میں ن لیگ بری طرح ہاری، نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کو دھاندلی کے ذریعے جتوایا گیا تھا، جو لوگ خیرات کی سیٹوں پر بیٹھے ہیں وہ ہم پر تنقید کرتے ہیں، اگر ہمارے مینڈیٹ پر کوئی ڈاکا ڈالے گا تو ہم بولیں گے ۔سعید غنی نے کہا سندھ کے عوام اور منتخب لوگ کہتے ہیں نئے صوبے نہیں بننے چاہئیں تو نہیں بننے چاہئیں۔ سینیٹ اور پنجاب اسمبلی نے دو نئے صوبے بنانے کی قرارداد منظور کی، اس کا مطلب ہے پنجاب کے لوگ اور منتخب لوگ نئے صوبے بنانا چاہتے ہیں تو وہاں ضرور بننے چاہئیں۔سعید غنی نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی نے آج تک کسی الیکشن میں دھاندلی سے اقتدار حاصل نہیں کیا، 2024 کے الیکشن میں ن لیگ کو ہاری ہوئی سیٹوں پر جتوایا گیا۔ پی پی پی رہنما نے کہا پنجاب کے دو وزارا نے پریس کانفرنس میں سنگاپور اور کراچی پورٹ کا موازنہ کیا، انہیں یہ تک نہیں معلوم پورٹ وفاق کی ذمہ داری ہے ، پورٹ پر بات کرنا اپنی حکومت کی چارج شیٹ پیش کرنا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...