سوات:ـکبل پولیس سٹیشن کے قریب خودکش دھماکا،6اہلکاروں سمیت17شہید
بمبار نے تھانے میں داخل ہونے کی کوشش کی، اہلکار نے روکاتو گیٹ پر خود کو اڑالیا، حملہ آور کا سر مل گیا،ابتدائی شواہد میں افغان ہونے کی نشاندہی وزیراعظم شہبازشریف کااظہار افسوس، وزیراعلیٰ کے پی نے رپورٹ طلب کرلی ، وزیرداخلہ کی بھی مذمت،امن دشمن رعایت کے مستحق نہیں :گورنر
پشاور، اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، اپنے رپورٹرسے )خیبرپختونخوا کے سیاحتی شہر سوات کے علاقے کبل میں پولیس سٹیشن کے قریب خودکش دھماکے میں 6پولیس اہلکاروں سمیت 17 افراد شہید اور 10 زخمی ہوگئے ۔ ڈی آئی جی مالاکنڈ سید فدا حسین نے بتایا کہ دھماکے کے وقت مقامی نوجوانوں کا احتجاج بھی جاری تھا تاہم احتجاج والا مقام دھماکے کی جگہ سے دور تھا۔ خودکش بمبار نے تھانہ کبل میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس اہلکار نے خود کش بمبار کو اندر داخل ہونے سے روکا جس پر خودکش بمبار نے تھانے کے گیٹ پر خود کو اڑا دیا۔ سوات پولیس کے ترجمان ناصر اقبال نے بتایا کہ دھماکہ کبل پولیس سٹیشن کے قریب پولیس لائن کے مرکزی دروازے کے قریب ہوا جس میں 17 افراد شہید اور10 زخمی ہوگئے ۔ سوات پولیس کے ضلعی سربراہ محمد عمر خان نے بتایا کہ احتجاجی مظاہرے کی سکیورٹی کے لیے ہماری زیادہ نفری تعینات تھی اور اس واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے ۔ خود کش حملہ آور کا سر مل گیا ہے اور ابتدائی شواہد حملہ آور کے افغان ہونے کی نشاندہی کر رہے ہیں۔ آئی جی آفس کے اعلامیے کے مطابق بم ڈسپوزل سکواڈ دھماکے کی نوعیت کا مزید جائزہ لے رہا ہے ۔ادھر وزیراعظم شہبازشریف نے خودکش دھماکے میں اموات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہدا کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے متعلقہ حکام کوزخمیوں کوبہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے ۔
وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے بھی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخوا سے واقعے کی رپورٹ طلب کی اورشہید پولیس اہلکاروں اور شہریوں کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے عظیم قربانیاں دے رہی ہے ، امن دشمن عناصر کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور نے کہا کہ پولیس کے بہادر جوانوں نے جان دے کر خودکش بمبار کو تھانے کے اندر جانے سے روکا، جان کی قربانی دے کر دوسروں کی زندگیاں بچانے والے پولیس اہلکاروں نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی، شہید پولیس اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی دھماکے کی مذمت کی اور پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ پولیس کو نشانہ بنانے والے امن دشمن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، دہشت گرد اپنے بزدلانہ حملوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے اور نہ ہی امن دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب ہونگے ۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments