سرکاری حج درخواستیں رواں ہفتے ، پہلی قسط اگست سے وصول ہوگی
لانگ حج کیلئے پانچ لاکھ، شارٹ حج کیلئے ساڑھے پانچ لاکھ روپے پہلی قسط جمع ہوگی
اسلام آباد (سید قیصر شاہ)سرکاری حج سکیم کے تحت آئندہ سال فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے درخواستوں کی وصولی رواں ہفتے سے شروع ہونے کا امکان ہے ۔ اس حوالے سے باضابطہ اعلان وزارتِ مذہبی امور کرے گی۔آئندہ سال سرکاری حج سکیم کے لیے مجموعی حج کوٹے کا 60 فیصد یعنی ایک لاکھ 7 ہزار 526 عازمین کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے ۔ سرکاری سکیم کے تحت عازمین کو حج واجبات دو اقساط میں جمع کرانے کی سہولت دی جائے گی جبکہ مختصر (شارٹ) اور طویل (لانگ) دونوں پیکیج بھی دستیاب ہوں گے ۔ذرائع کے مطابق سرکاری حج پر متوقع اخراجات تقریباً ساڑھے 12 لاکھ روپے ہوں گے ۔ حج اخراجات کی پہلی قسط اگست کے پہلے ہفتے سے وصول کی جائے گی۔ لانگ پیکیج کے لیے پہلی قسط 5 لاکھ روپے جبکہ شارٹ پیکیج کے لیے ساڑھے 5 لاکھ روپے جمع کرانا ہوں گے ۔لانگ حج پیکیج 38 سے 42 روز جبکہ شارٹ حج پیکیج 20 سے 25 روز پر مشتمل ہوگا۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی بھی وزارتِ مذہبی امور کے نامزد بینکوں کے ذریعے حج واجبات جمع کرا سکیں گے ۔دوسری جانب 2027 سے 2030 کے دوران حج کی ادائیگی کے لیے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے جس کے تحت اب تک 3 لاکھ 80 ہزار شہری رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments